نریندرمودی ہندوتوا اور آر ایس ایس کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہا ہے جو پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے ، خالد محمود خان

منگل 23 مئی 2023 19:09

راولا کوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2023ء) جماعت اسلامی آزادکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ نریندرمودی ہندوتوا اور آر ایس ایس کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہا ہے جو پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے ۔ بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے جہاں مسلمانوں سمیت کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہے انسانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہا ہے نام نہاد عالمی امن کے ٹھیکیداروں کی اس کانفرنس میں شرکت خود ان کے لیے سوالیہ نشان ہے ،کشمیری آزادی کے لیے 5لاکھ سے زائد قربانیاں پیش کرچکے وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نےG20کے سرینگر میں سیشن کے انعقاد کے خلاف راولاکوٹ میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع پونچھ زاہد رفیق ایڈووکیٹ،قیوم افسر،سجاد انور،مہران معروف،فیضان اعجاز،سردار محمد نسیم خان سمیت دیگر نے خطاب کیا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ چین،ترکیہ،مصر ،سعودی عرب،انڈونیشیا سمیت دیگر ممالک کا سرینگر میں کانفرنس میں شرکت نہ کرنے اہل کشمیر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور نمائندے کی طرف سے کشمیریوں کی حمایت اور کانفرنس کو غیر قانونی قراردینا احسن اقدام ہے۔

کشمیریوں نے ثابت کردیا کہ وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کوکشمیر میں عملاً شکست ہو گئی ہے ، کشمیری 4سال سے یرغمال ہیں ہندوستان نے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے G20ممالک کی سرینگر میں کانفرنس کا ناٹک رچایا جو بری طرح ناکام ہو چکا ہے یہ کشمیریوں کی فتح ہے انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی سامراج کے کسی بھی ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں کشمیریوں نے آزادی کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں وہ کسی ضرب تقسیم کو نہیں مانتے وحدت کشمیر اور حق خودارادیت پر ہم کوئی کمپرئو مائز نہیں کریں گے ۔