جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر کی قیادت میں وفدکی جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان سے ملاقات

میئر کراچی کے انتخاب کے حوالے سے دونوں جماعتوں کے نمائندوں نے خوشگوار ماحول میں کراچی کے دیرینہ مسائل پرتبادلہ خیال

اتوار 28 مئی 2023 22:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2023ء) جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر حاجی اسحاق خان کی قیادت میں وفد نے جامعہ عثمانیہ شیرشاہ میں جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما، ضلع کیماڑی کراچی کے امیر قاری محمد عثمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جماعت اسلامی ضلع کیماڑی کے امیر مولانا فضل احد، ضلع غربی کے امیر مدثر حسین انصاری، جمعیت علما اسلام ضلع کیماڑی کے جنرل سیکریٹری سید اکبر شاہ ہاشمی، عبدالوحید خان سواتی اور دیگر احباب موجود تھے۔

ملاقات میں میئر کراچی کے انتخاب کے حوالے سے دونوں جماعتوں کے نمائندوں نے خوشگوار ماحول میں کراچی کے دیرینہ مسائل پر گفتگو کی۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کراچی مسائلستان بنا ہوا ہے۔ کراچی کا انفراسٹرکچر تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

سڑکوں اور گلیوں کی بری حالت ہے۔ مردم شماری اور خانہ شماری میں ماضی کی 3 کروڑ آبادی میں بجائے اضافے کے سوا کروڑ کم کردیا گیا ہے۔

شہر کراچی میں جنگل کا قانون ہے۔ پانی کی بوند بوند کو شہری ترس رہے ہیں، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا کر رکھدی ہے۔ لوٹ مار، چھینا جھپٹی، ڈاکہ زنی روز کا معمول بن گیا ہے۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھدی ہے۔ میئر کراچی کے انتخاب کے حوالے سے جماعت اسلامی کے وفد نے جمعیت علما اسلام سے اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کے امید وار کی حمایت کریں۔

جمعیت علما اسلام کے رہنماں نے کہا کہ وہ صوبائی جماعت کو رپورٹ پیش کریں گے، مشاورت کے بعد دونوں جماعتوں کی جانب سے تحفظات کی روشنی میں کسی بہتر نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔ دونوں جماعتوں کے نمائندوں نے خوشگوار ماحول میں کراچی کے مسائل کے حل کیلئے اپنے اپنے موقف اور تحفظات کا تبادلہ کیا۔ قبل ازیں جماعت اسلامی کے وفد نے گزشتہ روز جمعیت علما اسلام ضلع غربی کے امیر، چیئرمین منگھوپیر یوسی 3مفتی محمد خالد اور یوسی 13 بلدیہ ٹان کے چیئرمین، ضلع کیماڑی کے سیکریٹری اطلاعات قاضی امین الحق آزاد سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور میئر کراچی کے انتخاب میں جماعت اسلامی کی حمایت کی درخواست کی۔