Live Updates

لاہور ہائیکورٹ ، نواز شریف کی بطور صدر مسلم لیگ ن بحالی کی درخواست پر اعتراض عائد

پیر 29 مئی 2023 22:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2023ء) لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی بطور صدر مسلم لیگ ن بحالی کی درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے درخواست واپس کر دی۔ لاہور کے مقامی وکیل آفاق احمد ایڈووکیٹ کی دائر درخواست پر ہائیکورٹ رجسٹرار آفس اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا لاہور ہائیکورٹ سماعت نہیں کر سکتی۔

آفاق احمد ایڈووکیٹ نے دائر درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید، الیکشن کمیشن، وفاقی حکومت اور وزیراعظم پاکستان کو فریق بنایا تھا موقف اختیار کیا تھا کہ 2017 میں نواز شریف کو قومی اسمبلی سے نااہل قرار دیا گیا، عمران خان اور شیخ رشید نے نواز شریف کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کی درخواست دائر کی تھی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 2018 میں سپریم کورٹ نے نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا حکم دیا جبکہ الیکشن کمیشن نے این اے 95 میانوالی سے عمران خان کو نااہل قرار دے دیا ہے مگر چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی سربراہی سے نہیں ہٹایا گیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نواز شریف کو پارٹی صدارت پر بحال کرنے کا حکم جاری کرے۔بعدازاں لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کر دیا اور کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا لاہور ہائیکورٹ سماعت نہیں کر سکتی
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات