Live Updates

پختونخوا میں دہشتگردوں کی دوبارہ آبادکاری، اے این پی کا وفاقی حکومت سے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ

ا*صوبائی صدر اے این پی ایمل ولی خان کاوز یراعظم شہباز شریف کو خط

ہفتہ 3 جون 2023 18:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2023ء) عوامی نیشنل پارٹی نے پختونخوا میں دہشتگردوں کی دوبارہ آبادکاری کی تحقیقات کیلئے وفاقی حکومت سے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کردیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی صدر اے این پی ایمل ولی خان نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا ہے۔ خط میں صدر اے این پی خیبر پختونخوا ایمل ولی خان نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے پختونخوا میں دہشتگردوں کی ری سیٹلمنٹ کے عمل کی تحقیقات کیلئے اعلی سطح کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کی آبادکاری میں ملوث تمام کرداروں اور معاہدوں کو عوام کے سامنے لایا جائے اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی سربراہی میں پوریعمل کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔ ایمل ولی خان نے وزیراعظم کے نام خط میں مزید کہا ہے کہ اے این پی، پختونخوا پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی وجہ سے پختونخوا میں قیام امن ممکن ہوا تھا۔

(جاری ہے)

2013 انتخابات سے قبل حکیم اللہ محسود نے صرف پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی حکومت کو قبول کرنے کااعلان کیا تھا۔ دہشتگردوں کی جانب سے اس حمایت کے نتیجے میں پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کو پختونخوا حکومت دی گئی۔ ٹی ٹی پی اور پی ٹی آئی گٹھ جوڑ 2018 انتخابات میں بھی برقرار رہا اور ایک دفعہ پھر صوبے میں پی ٹی آئی کو اکثریت دلوائی گئی۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اے این پی نے ہر دستیاب فورم پر ٹی ٹی پی اور پی ٹی آئی گٹھ جوڑکو بے نقاب کیا۔

اے این پی ہی تھی جس نے پختونخوا میں دہشتگردوں کی دوبارہ آبادکاری کی سازش کا پردہ چاک کیا۔ پی ٹی آئی گورنر اور وزرا کی جانب سے سرکاری خزانے سے بھتے دینے کا انکشاف بھی اے این پی نے ہی کیا تھا۔ سابق وزیراعظم عمران نیازی اور صوبائی مشیر بیرسٹر سیف کئی مرتبہ دہشتگردوں کو دوبارہ لانے کا اعتراف کرچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ اے این پی نے دہشتگردوں کی دوبارہ آبادکاری اور انکو منظم کرنے کی پالیسی کی مسلسل مخالفت کی ہے۔عوام کو ایک دفعہ پھر دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، اس لئے انکوائری ایکٹ 2017 کی روشنی میں وفاقی حکومت جوڈیشل انکوائری کا اعلان کریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات