ن لیگ سے ناراض ارکان اسمبلی بھی پی پی سے رابطے میں ہیں، دوست محمد کھوسہ کا انکشاف

ن لیگ کے 8 سے 10 ایم این ایز نے ہمارے ساتھ رابطے کیے ہیں، ن لیگ سے رابطہ کرنے والوں میں کچھ موجودہ ایم این ایز اور کچھ سابق ہیں، رہنما پی پی کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 4 جون 2023 14:04

ن لیگ سے ناراض ارکان اسمبلی بھی پی پی سے رابطے میں ہیں، دوست محمد کھوسہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 04 جون 2023ء) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما دوست محمد کھوسہ نے انکشاف کیا ہے کہ ن لیگ سے ناراض ارکان اسمبلی بھی پی پی سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے 8 سے 10 ایم این ایز نے ہمارے ساتھ رابطے کیے ہیں، ن لیگ سے رابطہ کرنے والوں میں کچھ موجودہ ایم این ایز اور کچھ سابق ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما دوست محمد کھوسہ نے اے آر وائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ صرف جہانگیر ترین گروپ کے ارکان ہی نہیں بلکہ ن لیگ سے ناراض ارکان اسمبلی بھی پی پی سے رابطے میں ہیں اور ن لیگ کے 8 سے 10 ایم این ایز نے ہمارے ساتھ رابطے کیے ہیں۔ بے اعتبار لوگوں کے سوا شاید ہی کوئی ایسا ہو جو رابطے میں نہ ہو، آئندہ چند دنوں میں آپ کے سامنے یہ تمام بڑے نام آ جائیں گے۔

(جاری ہے)

پی پی رہنما کا جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت کے قیام کی کوششوں کے حوالے سے کہنا تھا کہ ترین گروپ والے مار کھا چکے اور اب وہ مزید کسی مِس ایڈونچر کے متحمل نہیں ہو سکتے، ق لیگ دیکھ لیں کس طرح ٹوٹ پھوٹ ہوئی اور اب کیا حالت ہے، ق لیگ کی طرح انکا بھی یہی حال ہوگا کیونکہ ان کا مستقبل نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رابطہ کرنے والوں میں جنوبی پنجاب کے علاوہ دیگر علاقوں کے لوگ بھی ہیں، کچھ نےشمولیت کی ہے لیکن ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔

دوست محمد نے انکشاف کیا کہ ن لیگ کے ایک گروپ نے وزیراعظم شہباز شریف سے شیر کے نشان پر الیکشن نہ لڑنے کی درخواست کی۔ اس گروپ کا کہنا ہے کہ عوام میں ہماری پذیرائی نہیں اس لیے ہمیں آزاد لڑنے کی اجازت دیں، ان کی اس بات پر ن لیگ کی اعلی قیادت نے کافی برہمی کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے ایک سابق رکن پنجاب اسمبلی مظفر گڑھ سے نیاز خان گشکوری نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

لاہور میں جہانگیر ترین سے مظفر گڑھ سے سابق ایم پی اے نیاز خان گشکوری نے ملاقات کی اور گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جہانگیر ترین نے اپنی رہائش گاہ پر گروپ رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ایم این اے سید مبین عالم، سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب عبدالحئی دستی، ترین گروپ کے رہنما اسحاق خاکوانی، نعمان لنگڑیال، عون چوہدری، سعید اکبر نوانی، لالا طاہر رندھاوا، نذیر بلوچ موجود تھے۔

اجلاس میں فیصل جبوانہ، امین چوہدری، قاسم لنگاہ، اسلم بھروانہ، اجمل چیمہ، غلام رسول سانگھا بھی موجود تھے۔ جہانگیر ترین نے نیاز خان گشکوری کو اپنے گروپ میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اپنے گروپ رہنماؤں سے پارٹی کے قیام پر حتمی مشاورت کی جبکہ مستقل کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال اور تجاویز پر غور کیا گیا۔ جہانگیر ترین، جو نئی پارٹی کے بنانے کیلیے سرگرم ہیں، کی جانب سے آئندہ ہفتے اپنی نئی جماعت کے قیام کا اعلان متوقع ہے۔

وہ پی ٹی آئی چھوڑ کر آنے والے رہنماؤں سمیت دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس وقت 70 سے زائد موجودہ اور سابق ارکان اسمبلی جہانگیر ترین کی ٹیم میں شامل ہونے کے حامی ہیں اور ان ارکان کی سنچری مکمل ہونے کے بعد پارٹی کے قیام کا اعلان کیا جائے گا۔