آئی ایم ایف نے وفاقی بجٹ کے اعدادوشمار میں تبدیلیوں کا مطالبہ کردیا

وزیرخزانہ آئی ایم ایف کی تبدیلوں سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کریں گے، وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں بجٹ سے متعلق آج حتمی فیصلہ ہونے کا امکان ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 5 جون 2023 17:46

آئی ایم ایف نے وفاقی بجٹ کے اعدادوشمار میں تبدیلیوں کا مطالبہ کردیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 جون 2023ء) آئی ایم ایف نے وفاقی بجٹ کے اعدادوشمار میں تبدیلیوں کا مطالبہ کردیا، وزیرخزانہ آئی ایم ایف کی تبدیلوں سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کریں گے، وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں بجٹ سے متعلق آج حتمی فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔ جیو نیوز کے مطابق بجٹ 2023-24 کو اب تک حتمی شکل نہیں دی جاسکی، وزیراعظم کی قائم کردہ 8کمیٹیوں کے بجٹ پر رپورٹ دیں گے۔

کمیٹیوں کی بجٹ کی تیاری پر رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ اسی طرح آئی ایم ایف نے بھی وفاقی بجٹ کے اعدادوشمار میں تبدیلیوں کا مطالبہ کردیا ہے، وزیرخزانہ آئی ایم ایف کی تبدیلوں سے متعلق وزیر اعظم کو آگاہ کریں گے، وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں بجٹ سے متعلق آج حتمی فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے شرکت کی ۔

اجلاس میں آئندہ مالی سال 2023-24 کیلئے بجٹ تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی نے بجٹ پر بریفنگ دی۔ ترقیاتی اسکیموں اور فنڈز کی فراہمی سے متعلق غور کیا گیا۔ متعلقہ محکموں کو فلاحی منصو بے مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ 1100 ارب کا ترقیاتی پروگرام معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پاکستان کا ترقیاتی بجٹ رواں سال کے بجٹ کی نسبت 4 فیصد زیادہ ہے۔

ذرائع کے مطابق مجموعی ترقیاتی بجٹ میں وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم 1100 ارب روپے تجویزکیا گیا ہے اور وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم رواں سال کی نسبت 31 فیصد یا 223 ارب روپے زیادہ ہے جب کہ وفاقی ترقیاتی بجٹ میں 150 ارب روپیکا نجی ترقیاتی بجٹ بھی شامل ہے۔ذرائع کے مطابق ترقیاتی بجٹ میں صوبائی ترقیاتی بجٹ کا حصہ 1560 ارب روپے ہے، سندھ کا ترقیاتی بجٹ 40 فیصد اضافے سے 617 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے جب کہ رواں سال سندھ کا ترقیاتی بجٹ 442ارب روپے ہے۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کا عبوری بجٹ 4 مہینے کیلئے تجویز کیا جا رہا ہے اور خیبرپختونخوا کا عبوری ترقیاتی بجٹ 268 ارب روپے تجویز کیا جارہا ہے، اگلے مالی سال کے لیے بلوچستان کا ترقیاتی بجٹ 248 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے، بلوچستان کا ترقیاتی بجٹ موجودہ سال کی نسبت 65 فیصد زیادہ ہے۔ پارلیمنٹرینزکی تجویزکردہ اسکیموں کے لیے 90 ارب روپے مختص کیے جارہے ہیں۔ذرائع کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس (کل) منگل کو وزیراعظم کی سربراہی میں ہوگا جس میں کونسل ڈھائی ہزار ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے گی۔