کراچی،رینجرز اور پولیس کارروائی،ڈکیتی میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

پیر 5 جون 2023 20:50

کراچی،رینجرز اور پولیس کارروائی،ڈکیتی میں ملوث 2 ملزمان گرفتار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2023ء) پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ڈکیت گروہ کی2ملزمان امیر نواب اور یوسف عرف راجہ کوگرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملزمان اورنگی ٹاؤن اور گرد و نواح میں ڈکیتی اور چھینا چھپٹی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

ملزمان گھر کے باہر بیٹھے ہوئے اور روڈ پر آنے جانے والے شہریوں سے گن پوائنٹ پر موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ملزم امیر نواب عادی مجرم ہے اور متعددبار جیل جا چکا ہے۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن، ناظم آباد، سائیٹ اور گرد ونواح کے علاقوں سے ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کی 70 سے زائد وارداتوں میں 150 سے زائد موبائل فون اورمبلغ 2لاکھ روپے تک نقدی لوٹنے کا اعتراف کیا ہے جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھی پہلے بھی گرفتارکیے جا چکے ہیں۔

ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔گرفتارملزمان کو بمعہ اسلحہ وایمونیشن مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔