جام صادق پل 4 سے بڑھا کر 8 لین کا بنا رہے ہیں، مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی کیلئے نامزدگی پر مبارکباد، اداروں میں کرپشن کا خاتمہ کیا جائے، فراز الرحمان کورنگی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، جام صادق پل کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے، زبیر چھایا

منگل 6 جون 2023 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2023ء) وزیر اعلیٰ کے مشیر اور میئر کراچی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جام صادق پل چار سے تبدیل کرکے 8 لین کا کیا جارہا ہے، اسی طرح سن سیٹ بلو وارڈ کٹ سے شاہرہ فیصل سنگل فری کوریڈور بنانے جارہے ہیں جبکہ ملیر ایکسپریس وے کے پہلے فیز پر کام آغاز جلد شروع ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں کے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) سے خطاب میں کیا۔

تقریب میں کاٹی کے صدر فراز الرحمان، نائب سرپرست اعلیٰ زبیر چھایا، سینئر نائب صدر نگہت اعوان، نائب صدر مسلم محمدی، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ٹری پلانٹیشن جنید نقی، سی ای او کائیٹ لمیٹڈ زاہد سعید، فرحان الرحمان، شیخ فضل جلیل، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر جاوید شیخ، ممبر سندھ کونسل صاحبزادہ معظم قریشی و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کاٹی والے پیار بھی دیتے ہیں کبھی کبھی ناراضگی بھی ہوجاتی ہے۔ سندھ کابینہ نے ریسکیو 1122 کے لئے 50 نئے ایمبولینس کی منظوری دے دی ہے، سندھ حکومت انڈس اسپتال کو ڈھائی ارب روپے سالانہ دیتی ہے، جبکہ یلو لائن بس سروس شاہرہ دارلعلوم سے شاہرہ فیصل جائے گی۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اگلے ایک سال میں نئے سیف سٹی پروجیکٹ کے پہلے فیز پر کام ہو جائے گا، سیف سٹی پروجیکٹ آئی جی آفس میں کام کررہا ہے اور یہ کہنا کہ سیف سٹی پروجیکٹ نہیں ہو رہا درست نہیں، نئے سیف سٹی پروجیکٹ تین فیز میں بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں مل کر چارٹر آف کراچی بنائیں۔ کورنگی کازوے پل کی تعمیر کے لئے بجٹ مختص کردیا گیا ہیجس کی تعمیرات کا کام 16 ماہ میں مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس سے قبل کاٹی کے صدر فرازالرحمان نے مرتضیٰ وہاب کو پیپلز پارٹی کی جانب سے میئر کراچی نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ موجودہ معاشی بحران میں کاروبار جاری رکھنا بہت دشوار ہوچکا ہے۔

کورنگی میں پانی اور سیوریج کے بے پناہ مسائل ہیں، واٹر بورڈاور کے ایم سی میں کرپشن کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں ٹینکر مافیا سرگرم ہے، پانی لائنوں کے ذریعے نہیں ملتا بلکہ مہنگے داموں ٹینکر خریدنا پڑتا ہے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ حکومت سندھ بزنس کمیونٹی کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے بجٹ میں سہولیات فراہم کرے۔ سیلز ٹیکس کے ریفنڈز نہیں مل رہے اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

کاٹی کے نائب سرپرست اعلیٰ زبیر چھایا نے کہا کہ جام صادق پل کا کام تیز کیا جائے۔ کورنگی صنعتی علاقے سے آمدو رفت کا واحد ذریعہ جام صادق پل اور کورنگی کاز وے ہے، بارشوں اور ٹریفک جام کی صورت میں لوگ مشکلات کا شکار ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے ایسے میں بلدیاتی ادارے ندی نالوں کی صفائی کو یقینی بنائیں۔

زبیر چھایا نے امید ظاہر کی کہ مرتض وہاب میئر کراچی منتخب ہو کر شہر کراچی خاص طور پر کورنگی صنعتی علاقے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین جنید نقی نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے کی تعمیر و ترقی، اور سر سبز و شاداب بنانے کے لئے کاٹی اپنی کوششیں جاری رکھے گااور امید کرتے ہیں کہ میئر منتخب ہونے کے بعد مرتضیٰ وہاب بھی شہر کی بہتری اور خوبصورتی کے لئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔