کراچی کے تاجروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیئے اقدامات کیے جائیں، سید فراز احمد

ہفتہ 17 جون 2023 17:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2023ء) آل کراچی تاجر الائنس کے نائب صدر اور لیاقت آباد حیدری جیولرز کے صدر سید فراز احمد نے پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی ، سلمان مراد کو ڈپٹی میئر کراچی اور تمام نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب کے میئر کراچی منتخب ہونے سے کراچی میں بہتری آئے گی اور پوری امید ہے کہ مرتضیٰ وہاب کراچی کی تعمیر وترقی کے لیئے بھرپور انداز میں کام کریں گے اور شہریوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیئے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں گے، تمام بلدیاتی نمائندوں کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور شہرقائدکے لوگوں کی پریشانیوں کو کم کرنے کے لیئے اپنا کردار ادا کریں،ان خیالا ت کا اظہارا نہوںنے آل حیدری تاجر الائنس کے صدر نادر علی، نائب صدر علی جان، آل کراچی تاجر الائنس ڈسٹرکٹ سینٹرل کے نائب صدر عارف الدین، زرگراں کے صدر سید مبشر احمد،شیخ محمد نیاز، ہارون زندانی، عمران باوانی، آصف چاند،فرحان بیگ، عدنان شاہ ،محمد زاہد، محمد سکند ر و دیگر عہدیداران کے ہمراہ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا، سید فراز احمد نے کہا کہ نومنتخب میئر کراچی مرتضی وہاب سے عام شہریوں کی طرح تاجر برداری کی بھی امیدیں وابستہ ہیں اور ہمیں امید ہے کہ میئر کراچی اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی شہر بھر کی تاجر تنظیموں کے مسائل کو حل کرنے کے لیئے احکامات جاری کریں گے، کراچی کا شمار دنیا کے بڑے شہروں میں کیا جاتا ہے کراچی کے انفرسٹریکچر کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے بلدیاتی نمائندوں تک عوام کی ڈائریکٹ رسائی ہوتی ہے کراچی کی ترقی سے پورے ملک کی ترقی جڑی ہوئی ہے شہرقائد میں کاروباری سرگرمیاں بڑھنے سے پورے ملک میں کاروبار میں تیزی آتی ہے کراچی اسٹاک ایکسچینج میں اگر کاروباری سطح پر کمی کا رجحان رہے تو اس کا اثر پورے ملک کی مارکیٹ پر پڑتا ہے اور ایک دن میں تاجروں کو لاکھوں سے لیکر اربوں کا نقصان ہوتا ہے ، انہوں نے کہا کہ شہر بھر سے منتخب ہونے والے عوامی نمائندے سیاست کو ایک جانب رکھ کر شہر کی ترقی کے لیئے کام کریں اور کراچی کی عوام کی خدمت کریں یہ شہر ہم سب کا ہے اور اس کی بہتری اور ترقی کے لیئے ہمیں آپسی اختلافات کو بھلا کر متحد ہوکر محنت کرنی ہوگی شہرکی بہتری اور ترقی سے ہمارے بچوں کا بہتر مستقبل جڑا ہوا ہے ، انہوں نے مزید کہاکہ آل کراچی تاجرالائنس و لیاقت آباد حیدری جیولرز کراچی کی خوشحالی کے لیئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ساتھ کھڑی ہے اور خواہاں ہیں کہ شہر ترقی کرے ۔