ملک نازک دور سے گزر رہا ، چیئرمین پی ٹی آئی کو اقتدار دینے کا تجربہ نقصان دہ رہا ‘ حاجی محمد حنیف طیب

حکمرانوں سے نیکی کی کوئی امید نہیں ،نواز شریف ٹھیک ہیں نہ زرداری ‘سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم و مرکزی نائب صدر جماعت اہلسنت پاکستان

جمعرات 27 جولائی 2023 16:10

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2023ء) سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم و جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی نائب امیر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا ہے کہ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے ،حکمرانوں سے نیکی کی کوئی امید نہیں ،نواز شریف ٹھیک ہیں نہ زرداری ،چیئرمین پی ٹی آئی پہلے ہی فارغ آدمی تھے انکو اقتدار دینے کا تجربہ نقصان دہ رہا ،جماعت اہلسنت کی تمام جماعتوں کو آئندہ الیکشن کیلئے ایک کررہے ہیں ،عوام کو ان لٹیروں بے حس حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا ۔

جماعت اہلسنت کے رہنما حافظ احمد عبدالستار میاں خالد جاوید پیر سید صغیرالحسن شاہ حاجی رانا محمد بوٹا پیر سید عابد حسین شاہ حاجی محمد انوار احمد علی دانش حاجی محمد شان اور دیگرز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے انکا کہنا تھا کہ سود کے نظام کیساتھ چلنے والے حکمران اور ٹرانسجینڈر جیسے قانون لانے والے لوگ پاکستان میں خوشحالی نہیں لاسکتے ان لوگوں نے تو اللہ کی زات سے جنگ شروع کررکھی ہے انہوں نے کہا حکمران اس وقت تک اب الیکشن نہیں کروائیں گے جب تک انکو یقین نہ ہوجائے کہ وہ ہاریں گے نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غریب متوسط طبقہ ان حکمرانوں کی شاہ خرچیاں برداشت کررہا ہے غریب دو وقت کی روٹی کو ترس گیا ہے ۔انہوں نے کہا قرآن پاک کی مختلف ممالک میں توہین پر پاکستان کو جو کردار ادا کرنا چاہئے تھا نہیں کیا پاکستان اور ترکی سعودی عرب ایران افغانستان عراق شام یہ ممالک پہلے متحد ہوں پھر عالم اسلام کو ملکر ایک جگہ اکٹھا کرکے پورا عالم اسلام اقوام متحدہ سے علیحدگی اختیار کرے اور شرط رکھے قرآن پاک یا کسی بھی الہامی کتاب یا نبی کی شان میں گستاخی نہیں کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ پوری دنیا میں دہشت گرد ڈھونڈھ رہا ہے اسے یہ نظر ہی نہیں آرہا قرآن پاک کی بے حرمتی اور نبی آخرالزمان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی سب سے بڑی دہشت گردی ہے انہوں نے کہا دنیا نے اگر امن چاہنا ہے تو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ قرآن پاک اور حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی نہیں کی جائے گی۔