وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعلی ہاؤس خالی کردیا

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے پانچ سال تک وزیر اعلی ہاؤس میں قیام کیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 10 اگست 2023 14:22

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعلی ہاؤس خالی کردیا
کراچی(اردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 10 اگست 2023ء) وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعلی ہاؤس خالی کردیا ۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں مراد علی شاہ کا ذاتی سامان ڈفینس کے نجی بنگلے منتقل کر دیا گیا۔مراد علی شاہ نے پانچ سال تک وزیر اعلی ہاؤس میں قیام کیا۔اس کے علاوہ سندھ اسمبلی تحلیل سے قبل ارکان اسمبلی کے دفاتر خالی ہونا شروع ہوگئے۔ارکان اسمبلی نے دفاتر سے سامان منتقل کرنا شروع کر دیا ۔

گیارہ اگست کو اسمبلی کا آخری اجلاس ہوگا۔اسمبلی اجلاس کے دوران اراکین کا فوٹو سیشن ہوگا۔اسمبلی تحلیل کی سمری وزیر اعلی جمعہ کی شب گورنر ہاؤس کو بھیجیں گے ۔ سندھ اسمبلی کا آج(جمعرات) شروع ہونے والا آخری اجلاس جمعہ کے روز تک جاری رہے گا، اور اسی روزوزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے گورنر کامران ٹیسوری کو خط لکھیں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سندھ اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کر کے 11 اگست کی رات تحلیل ہو جائے گی تاہم اس حوالے سے نگراں سیٹ اپ کے لئے مشاورت جاری ہے۔ایم کیو ایم پاکستان اور جی ڈی اے نگراں وزیراعلی کے لیے نام سامنے لاچکے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی سے نام کا انتظار ہے۔جی ڈی اے سے صفدر عباسی، رئیس غلام مرتضی جتوئی، فضل اللہ قریشی اور حسین عبداللہ ہارون کے نام دیے گئے ہیں جبکہ ایم کیو ایم نے سابق بیوروکریٹس یونس ڈھاگہ اور شعیب احمد صدیقی کے نام دیے ہیں۔

آئینی طور پر وزیراعلی سندھ اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے نگراں وزیراعلی کا حتمی نام دیا جائے گا تاہم اس حوالے سے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کی باقاعدہ مشاورت کا انتظار کیا جارہا ہے۔کراچی میں 11 اگست کو سندھ اسمبلی کا آخری اجلاس اور فوٹو سیشن ہوگا اور اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد وزیراعلی اور اپوزیشن لیڈر 3 روز میں نگراں سربراہ کے لیے اتفاق کریں گے۔اتفاق نہ ہونے کی صورت میں پارلیمانی کمیٹی 2 روز میں نام فائنل کرے گی جبکہ پارلیمانی کمیٹی میں فیصلہ نہ ہونے پر الیکشن کمیشن 2 دن میں فیصلہ کرے گا۔