سپریم کورٹ میں پانامہ جے آئی ٹی سے متعلق درخواست سماعت کیلئے مقرر

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 22 اگست کو کرے گا،فریقین کو نوٹس جاری

جمعہ 18 اگست 2023 22:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2023ء) سپریم کورٹ میں پانامہ جے آئی ٹی سے متعلق درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی.براڈ شیٹ کمپنی کی جانب سے پاناما جے آئی ٹی کا والیم 10 جاری کرنے کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 22 اگست کو کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے اس حوالے سے اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

براڈ شیٹ کمپنی کا مؤقف ہے کہ شریف خاندان کی غیر ملکی جائیدادوں کی تلاش میں نیب کی معاونت کی لیکن نیب نے جائیدادوں کی تلاش کا معاوضہ ادا نہیں کیا۔براڈ شیٹ نے برطانیہ کی عدالت میں نیب کے خلاف واجبات کے حصول کے لیے مقدمہ دائر کیا تھا اور براڈ شیٹ نے پاناما جے آئی ٹی کا والیم 10 فراہم کرنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی تھی۔براڈ شیٹ کمپنی والیم 10 کو برطانوی عدالت میں بطور ثبوت پیش کرنا چاہتی تھی۔

یاد رہے کہ جولائی 2017 میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس گلزار احمد، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 5 رکنی لارجر بینچ نے پاناما کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو تاحیات نااہل قرار دیتے ہوئے انہیں پارٹی صدارت سے بھی فارغ کر دیا گیا۔۔