ٓ طالبان بچوں خاص کر بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونے دیں ،رکاوٹ نہ بنیں، حامد کرزئی

\عوام اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے تعلیم ضرور دلوائیں اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے،سابق افغان صدر کا برطانوی قبضے سے آزادی کے 104ویں سالگرہ کے موقع پر گفتگو ! کسی کو بھی افغانستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جاسکتی، مذہبی اور ثقافتی اقدار کے تحفظ کوہر صورت یقینی بنایا جائے گا ، طالبان

ہفتہ 19 اگست 2023 20:05

:اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2023ء) افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بچوں خاص کر بچیو ں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونے دیں ۔ برطانوی قبضے سے آزادی کی 104ویں سالگرہ کے موقع پر حامد کرزئی نے افغان عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے تعلیم ضرور دلوائیں اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے ساتھ ہی سابق افغان صدر نے طالبان سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ بچوں خاص کر بچیوں کی تعلیم میں رکاوٹ نہ بنیں اور انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونے دیں یہ افغانستان کی ترقی کیلئے انتہائی اہم اقدام ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی اور ثقافتی اقدار کے تحفظ کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے یہ ہماری صدیوں پرانی روایات ہیں ان کا بھی خیال رکھا جانا چاہیے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب طالبان مذہبی اور ثقافتی اقدار کے تحفظ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو افغانستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔ یاد رہے کہ اقتدار پر قبضے کے بعد طالبان نے ایک مرتبہ پھر ملک میں سخت ترین شرعی قوانین کا نفاذ کر رکھا ہے جب کہ حالیہ عرصے میں لڑکیوں کی تعلیم پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

افغان سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی سے ملک مزید غربت اور افلاس کا شکار ہو گا۔دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے افغانستان میں طبی شعبے میں بڑے بحران کے خطرے سے متنبہ کیا ہے۔ عالمی ادارے کی جانب سے جمعے کے روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر طبی شعبے میں سرمایے کی فراہمی اسی طرح قلت کا شکار رہی تو اس سے آٹھ ملین افراد زندگی بچانے والی ادویات کے حصول سے محروم ہو سکتے ہیں۔۔