کراچی، غیرت کے نام پر لڑکی اور لڑکا قتل: مقتول نوجوان کے اہلخانہ کا لڑکی کے گھر والوں کیخلاف مقدمہ درج

ہفتہ 26 اگست 2023 22:52

کراچی، غیرت کے نام پر لڑکی اور لڑکا قتل: مقتول نوجوان کے اہلخانہ کا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اگست2023ء) بھکر گوٹھ میں لڑکی اور لڑکے کے غیرت کے نام پر قتل کے معاملے پر مقتول نوجوان کے اہلخانہ نے لڑکی کے گھر والوں کیخلاف مقدمہ درج کرادیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سچل بکھر گوٹھ میں لڑکا اور لڑکی کے قتل کے واقعے پر پولیس نے مقتولہ لڑکی کے اہل خانہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔پولیس نے بتایا کہ مقدمہ مقتول نوجوان کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مدعی مقدمے نے بتایا کہ صبح پولیس کے ذریعے اطلاع ملی کہ میرے بھائی کی لاش اسپتال میں ہے، رات 3 بجے ہم سے ملنے آنے والے دوست ہمارے گھرسے گئے، اور رات ساڑھے 4 بجے ہم دونوں بھائی سونے چلے گئے۔

مقتول کے بھائی کا کہنا تھا کہ پولیس کی فون کال موصول ہوتے ہی گھرمیں دیکھا تو ہماری گاڑی نہیں تھی ، چوکیدار سے معلوم کیا تو بتایا کہ صبح 5 بجکر20 منٹ پر حسن گاڑی لیکرگیا، دوستوں کے ساتھ عباسی شہیداسپتال پہنچا تو بھائی اورلڑکی کی لاشیں تھیں۔

(جاری ہے)

پولیس حکام نے کہا کہ مقتول نوجوان اورمقتولہ ایک ہی کالج میں ساتھ پڑھتے تھے اور مقتول اپنی دوست سے اس کے گھر کے باہر گاڑی میں ملنے آیاتھا، مقتول نوجوان کے والد کی گارمنٹس فیکٹری ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ لڑکی کے والد ڈاکٹر رفیق احمد شیخ نے بیٹے کے پستول سے فائرنگ کی، ڈاکٹر رفیق نے غیرت کے نام پر نوجوان کو 8 جبکہ بیٹی کو 4 گولیاں ماریں۔