پی ڈی ایم نے این آراو لے کر اپنے تو سارے کیسز معاف کرا لئے لیکن قوم کو کیا دیا؟

اپنی نالائقی کا سارا بوجھ مہنگائی کی صورت عوام پر ڈال دیا، عام آدمی سے اس کا صحت کارڈ بھی واپس لے لیا گیا۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی حماد اظہر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 1 ستمبر 2023 18:31

پی ڈی ایم نے این آراو لے کر اپنے تو سارے کیسز معاف کرا لئے لیکن قوم کو ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم ستمبر 2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم نے اپنے لئے تو این آر او لے کرکیسز معاف کرا لئے اور قوم کو کیا دیا؟ عام آدمی سے اس کا صحت کارڈ بھی واپس لے لیا گیا۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اپنے لئیے این آر او لے کر سارے کیس معاف کرا لئے اور قوم کو کیا دیا؟ ایک طرف لوگوں سے ان کا جمہوری حق چھین لیا گیا، تمام انسانی حقوق ہوا میں اُڑا دئیے، پھر اپنی نالائقی کا سارا بوجھ مہنگائی کی صورت میں عوام پر ڈال دیا اور اب عام آدمی سے اس کا صحت کارڈ بھی واپس لے لیا۔

اسی طرح انہوں نے مزید اپنے ایک بیان میں کہا کہ ڈالر بھی 305 اور پٹرول بھی۔ مارچ 2022 سے اب تک کتنا کچھ بدل گیا۔ جس طرف معاملات جا رہیں الیکشن 90 کی بجائے 60 دن میں کرانا چاہیے۔

(جاری ہے)

نگران نمونے بھی پی ڈی ایم کی طرح کسی کام کے نہیں۔ ملک کو فوری بے یقینی اور عدم استحکام سے نکالنا ہو گا ورنہ معاشی اور سیاسی افراتفری کا خطرہ ہے۔ یاد رہے نگران حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی بار پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 300 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی ہے۔

فنانس ڈویژن کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتوں اور شرح مبادلہ میں اضافے کے پیش نظر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 14.91 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 18.44 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔اس اضافے کے سبب پیٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر قیمت ملکی تاریخ میں پہلی بار 300 روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 305.36 روپے ہو گئی ہے جبکہ فی لیٹر ڈیزل 311.84 روپے میں دستیاب ہو گا۔ اس سے قبل 16 اگست کو بھی نگران حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بالترتیب 17 روپے 50 پیسے اور 20 روپے کا اضافہ کردیا تھا۔