نواز شریف کا حمزہ شہباز کو ٹیلی فون،لندن بلا لیا

حمزہ شہباز انتخابات میں پارٹی امیدواروں سے متعلق قائد مسلم لیگ ن سے مشاورت کریں گے

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 11 ستمبر 2023 13:10

نواز شریف کا حمزہ شہباز کو ٹیلی فون،لندن بلا لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 11 ستمبر 2023ء) نواز شریف نے حمزہ شہباز کو لندن بلا لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے سابق وزیراعلٰی پنجاب حمزہ شہباز کو ٹیلی فون کیا،نواز شریف نے حمزہ شہباز کو لندن طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز لاہور ائیر پورٹ سے غیر ملکی پرواز کے ذریعے لندن روانہ ہو گئے۔ سابق وزیراعلٰی پنجاب لندن میں نواز شریف اور اپنے والد شہباز شریف سے ملاقات کریں گے جس میں موجودہ ملکی صورتحال اور نواز شریف کی وطن واپسی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

حمزہ شہباز انتخابات میں پارٹی امیدواروں کے حوالے سے قائد مسلم لیگ ن سے مشاورت کریں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار برس میں ملکی معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا،مہنگائی کا دفاع نہیں کیا جا سکتا،مہنگائی نے لوگوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔

(جاری ہے)

بجلی کے بل دینے کیلئے لوگ موٹر سائیکلیں بیچ رہے ہیں،لوگ بجلی کا بل دیتے ہیں تو والدین کی دوائی کے پیسے نہیں بچتے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کو ٹریک پر لایا گیا،ہم نے 75 سال معیشت کو ترجیح نہیں دی اور ایک ہی موڑ کے گرد چکر کاٹ رہے ہیں۔ کالا باغ ڈیم بن جاتا تو 10 لاکھ ایکڑ اراضی سیراب ہوتی،ہم نے بہت سی ٹرینیں مس کر دیں۔ رہنما مسلم لیگ ن نے مشورہ دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں،وکلا اور تاجروں کو 10 سالہ معاشی منصوبہ ترتیب دینا چاہیے،آنے والا الیکشن ملک کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا۔

حمزہ شہباز نے اپنے وزارتِ اعلیٰ کے دور میں مفت بجلی منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 100 یونٹ مفت بجلی منصوبہ سیاست کی نذر ہو گیا،آج اگر منصوبہ قابل عمل ہوتا تو غریب کو ریلیف ملتا۔ انکا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں مسلم لیگ ن کی پوری قیادت کو گرفتار کیا گیا،کیا قانون کا تقاضا نہیں کہ اربوں لوٹنے والوں کیخلاف کارروائی ہو۔