ادارے الیکشن کمیشن کے انتخابی شیڈول کے اختیار کا احترام کریں، نگراں وزرائے قانون

آئین کے مطابق عام انتخابات کا انعقاد اور تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کا واحد اختیار ہے، وزرائے قانون

بدھ 13 ستمبر 2023 19:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2023ء) نگراں وزرائے قانون نے کہا ہے کہ ادارے الیکشن کمیشن کے انتخابی شیڈول کے اختیار کا احترام کریں۔نگراں وفاقی وزیر قانون وانصاف احمد عرفان اسلم کی زیر صدارت عام انتخابات سے متعلق صوبائی وزرائے قانون کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں نگراں صوبائی وزیر قانون پنجاب کنور دلشاد ،سندھ کے وزیر قانون محمد عمر سومرو،خیبر پختونخوا کے وزیر قانون ارشد حسین شاہ اور بلوچستان کے نگراں وزیر قانون امان اللہ کنرانی نے شرکت کی۔

وفاقی اور صوبائی نگراں وزرا قانون و انصاف نے متفقہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا کہ آئین کو مجموعی طور پر پڑھا جانا چاہیے اور آئین کی کسی بھی شق کو دیگر متعلقہ دفعات کو الگ کر کے نہیں پڑھنا چاہیے،آئین کے مطابق عام انتخابات کا انعقاد اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کا واحد اختیار ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزرائے قانون نے اس بات پر زور دیا کہ فیڈریشن کو مضبوط بنانے، تمام وفاقی اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنانے اور مختلف انتخابات کی تاریخوں پر سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے قومی خزانے پر پڑنے والے غیر ضروری مالی بوجھ سے بچنے کے لیے، عام انتخابات اور قومی چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آزاد آئینی ادارہ ہے۔ ریاست کے تمام اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی خودمختاری اور حلقہ بندیوں کی حد بندی اور انتخابی شیڈول کے تعین میں اس کے اختیار کا احترام کریں۔