الطاف شکور نے پاسبانوں کویوم سیاہ میں بھرپور شرکت کی ہدایت کردی

u23ستمبر2010 کا دن امریکی نظام عدل کے جھوٹ کا پردہ فاش کرتا ہے

بدھ 20 ستمبر 2023 23:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2023ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے پاسبانوں کو 23 مارچ کوکراچی پریس کلب پر ، عافیہ موومنٹ کے تحت ہونے والے یوم سیاہ اور احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ23ستمبر2010 کا دن امریکی نظام عدل کے جھوٹ کا پردہ فاش کرتا ہے جب ایک پاکستانی شہری کو بنا کسی جرم کے چھیاسی سال کی سزا سنائی گئی۔

اس ظلم میں ہمارے حکمران برابر کے شریک ہیں۔ ڈاکٹر عافیہ جرم بے گناہی کی سزا کب تک کاٹے گی ہمارے حکمرانوں کی غفلت اور بے حسی کی وجہ سے امریکی جیل میںعافیہ صدیقی کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ عافیہ صدیقی کے معاملہ پرپاکستانی حکومتوں کی مجرمانہ خاموشی شرمناک ہے۔ وزیر اعظم پاکستان امریکہ میں ہیں، وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر مضبوط آواز اٹھائیں۔

(جاری ہے)

کینیڈا اپنے ایک شہری کے قتل پر ہندوستان سے آنکھوں میں آنکھوں ڈال کر بات کر رہا ہے اور ہم کیسی بے غیرت قوم ہیں کہ بیٹی کو بیچ کر بھی منہ میں گھنگنیاں ڈالے بیٹھے ہیں ہم کس منہ سے خود کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کہتے ہیں۔ کیا اسلام ہمیں یہی درس دیتا ہی اگر مسلمان ہونے پر حکمران شرمسار ہیں تو جمہوری ملک کینیڈا سے ہی کوئی سبق سیکھ لیں۔

کیا ڈیڑھ ارب مسلم امہ میں اب اتنا بھی دم نہیں کہ اپنی مظلوم بیٹی کو ظالموں کے خونیں پنجوں سے چھڑا سکیں یہ بے حسی اور بے غیرتی ہمیں دنیا میں بھی رسوا کر رہی ہے اور آخرت میں تو رسوا کرے گی ہی۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو اس جنگ کی سزا دی جارہی ہے جس کا وہ کبھی حصہ تھی ہی نہیں۔ اب جب کہ ساری دنیا ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ کئے گئے ظلم کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے،پاکستانی حکومت بھی عافیہ کی رہائی کے لئے بھرپور کوشش کرے۔

عافیہ کے معاملہ میں بے حسی اختیار کرنے والے قوم کی کسی بیٹی کا احساس نہیں کر سکتے۔ حکمران پورے عزت و وقار کے ساتھ اپنے ملک کی شہری ، قوم کی بیٹی کو واپس لائیں ۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی عافیہ موومنٹ کے ساتھ مل کر ، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کی تحریک جاری رکھے گی