عیش و عشرت کی نئی مثال، دبئی میں لگژری شادی کیلئے اسپیشل جہاز تیار

بالی ووڈ اور ہالی ووڈ اسٹارز کی موجودگی میں آسمان کی بلندیوں پر طیارے میں رسومات ادا کی جائیں گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 ستمبر 2023 13:13

عیش و عشرت کی نئی مثال، دبئی میں لگژری شادی کیلئے اسپیشل جہاز تیار
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 ستمبر 2023ء ) دبئی میں مقیم بھارتی بزنس مین اپنی بیٹی کی شادی کی میزبانی بالی ووڈ اور ہالی ووڈ ستاروں کے ساتھ آسمان کی بلندیوں میں خصوصی طور پر تیار کیے گئے طیارے میں کریں گے، تقریباً 300 مہمانوں کے ساتھ ہوائی جہاز امارات سے اڑان بھرے گا اور فضاء میں شادی کی رسومات مکمل ہونے پر 3 گھنٹے کی پرواز کے بعد عمان میں لینڈ کرے گا، آسمانوں کی ملکہ کہلانے والے بوئنگ 747 کو خاص طور پر تیار کیا گیا ہے تاکہ ہوائی جہاز کے اندر شادی کی رسومات ادا کرنے کے لیے جگہ بنائی جا سکے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق مہنگی ترین شادیوں کے لیے مشہور دبئی ایک ایسی تقریب کی میزبانی کرے گا جو دبئی کے آسمان کی لامحدود وسعت میں عیش و عشرت کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تیار ہے، شادی کے اس جشن کی میزبانی متحدہ عرب امارات اور بھارت میں زیورات و ہیروں کے کاروبار سے منسلک پوپلی فیملی کرے گی، 24 نومبر کو بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات، معززین، دوستوں اور خاندانوں کی موجودگی میں ایک نجی طیارے میں اس پرتعیش شادی کی رسومات ادا کی جائیں گی، جس کے لیے مہمانوں کو لے کر چارٹر فلائٹ آپریٹر جیٹیکس کا بوئنگ 747 طیارہ دبئی سے ٹیک آف کرتے ہوئے عمان جائے گا، ایک ہفتے تک جاری رہنے والی شادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے تقریباً ایک ہزار مہمان دبئی کا رخ کریں گے۔

(جاری ہے)

دلہن کے والد اور پوپلی گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر دلیپ پوپلی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ دولہا ہردیش اور دلہن ودھی مہمانوں اور خاندان کے افراد کی موجودگی میں طیارے کے اندر سکھ روایات کے تحت شادی کی رسومات ادا کریں گے، چوں کہ آگ کے ساتھ کچھ رسومات طیارے میں ادا نہیں کی جا سکتیں اس لیے وہ شادی کے دن بعد میں ہوٹل میں ہوں گی، میں نے خلا میں اپنی بیٹی یا بیٹے کی شادی کا اہتمام کرنے کا خواب بھی دیکھا ہے لیکن اس کے لیے ہمیں ایسی ٹیکنالوجی کا انتظار کرنا ہوگا کہ وہ آئے اور ایسا ممکن بنائے۔

انہوں نے کہا کہ فضا میں پوپلی خاندان کی شادی کے اس دوسرے سیکوئل کی منصوبہ بندی میں بارہ ماہ کی محنت لگی، یہ سلسلہ میرے والد کے خوابوں سے شروع ہوا، جو اپنے بیٹے کی فضاؤں میں شادی کرنا چاہتے تھے اور یہ ایک بلین ڈالر کا آئیڈیا تھا، ہم نے ایئر انڈیا کے چیئرمین سے ملاقات کی اور 1994ء میں آسمان کی بلندیوں میں شادی کی تقریب منعقد کی، ہم 1993ء سے دبئی میں آباد ہیں، یہ میرا گھر ہے اس لیے میں اسے 2023ء کی سب سے مشہور شادی بنانا چاہتا ہوں، میں دبئی کے علاوہ کسی اور جگہ کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔

انکور دی ڈیزائن اسٹوڈیو کی بانی ویڈنگ پلانر چمو آچاریہ نے کہا کہ اس شاندار تقریب کی میزبانی کرنا مشکل نہیں تھا کیونکہ دلیپ کا نظریہ اپنی بیٹی کی خوابیدہ شادی کے بارے میں واضح تھا، جیٹیکس طیارے کی بدولت تمام مسافروں کو اس منفرد تجربے سے گزرنے میں سہولت ملے گی، یہ ایک روایتی پرتعیش شادی ہے جس میں بہت ساری شاندار اور مختلف تہواروں جیسے سنگیت اور مہندی وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دبئی میں شادیوں پر خرچہ کرنے کی حد آسمان جتنی بلند ہے، جس کی شروعات 0.5 ملین درہم یا اس سے زیادہ سے ہوتی ہے، یہ سب لوگوں کی تعداد اور میزبان کے بجٹ پر منحصر ہے، پوپلی خاندان جیسی شادیوں پر تقریباً 6 سے 7 ملین درہم لاگت آتی ہے اور ہم نے ایک ایسی شادی کا اہتمام کیا ہے جس کی لاگت 8 ملین درہم ہے، اس عظیم الشان شادی کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیے جانے کے لیے بھیجا جائے گا کیوں کہ یہ اس خطے میں آسمان کی بلندیوں میں ہونے والی اپنی نوعیت کی پہلی شادی ہے اور یہ شادی 1990ء کی دہائی میں اس خاندان کی پچھلی شادی سے بہت بڑی ہے۔

یہاں خاص بات یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات کئی مہنگی اور لگژری جنوبی ایشیائی شادیوں کی میزبانی کرتا رہا ہے جس میں اعلیٰ پروفائل بزنس مین، بالی ووڈ کے سپر اسٹارز، سیاست دان اور بیوروکریٹس شریک ہوتے ہیں، یہ شادیاں عام طور پر ایک ہفتے کے دوران ہوتی ہیں جس میں نئے جوڑے کی تقریبات میں شامل ہونے کے لیے مختلف ممالک سے سینکڑوں دوستوں اور خاندان کے افراد کو مدعو کیا جاتا ہے۔