ٹریفک اہلکاروں اور شہری کے درمیان تلخ کلامی، پولیس شہری کو گریبان سے گھسیٹتے ہوئے لے گئی

شہری کے ساتھ موجود خاتون پولیس اہلکار سے معافیاں بھی مانگتی رہی; نوجوان نے چالان کے بعد پولیس اہلکار کی وردی پھاڑی جس پر جھگڑا ہوا۔ ٹریفک پولیس کا موقف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 21 ستمبر 2023 14:23

ٹریفک اہلکاروں اور شہری کے درمیان تلخ کلامی، پولیس شہری کو گریبان سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 21 ستمبر 2023ء) اسلام آباد میں ٹریفک پولیس اہلکاروں اور شہری کے درمیان تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا ہے۔یہ واقعہ تھانہ کوہسار کی حدود میں پیش آیا۔ تلخ کلامی کے بعد شہری کو ٹریفک اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔شہری کو گریبان سے گھسیٹ کر پولیس کی گاڑی میں بٹھایا گیا۔

شہری کے ساتھ موجود خاتون پولیس اہلکار سے معافیاں بھی مانگتی رہی۔ ٹریفک پولیس نے موقف دیا ہے کہ نوجوان نے چالان کے بعد پولیس اہلکار کی وردی پھاڑی جس پر جھگڑا ہوا۔ گرفتار کیا گیا نوجوان غلط سمت سے آ رہا تھا۔جب ٹریفک پولیس کے اہلکار نے روکا تو شہری نے پہلے بدتمیزی کی بعدازاں وردی پھاڑ دی۔ ڈی ایس پی لیول کا افسر معاملے کی انکوائری کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ملزم کو متعلقہ تھانے منتقل کیا گیا ہے جس کے خلاف وہاں مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔
۔دوسری طرف کراچی میں ٹریفک چالان کے معاملے پر ہونے والی لڑائی کے بعد ایک رکشہ ڈرائیور نے انتہائی قدم اٹھا لیا ، ٹریفک چالان ہونے پر رکشہ ڈرائیور غصے میں آگیا اور پھر اپنے رکشے کو ہی آگ لگا دی ، بعد ازاں معلوم ہوا کہ رکشہ ڈرائیور نے جس رکشے کو آگ لگائی، وہ اس کی ملکیت تھا ہی نہیں۔

اس حوالے سے ٹریفک پولیس کا موقف سامنے آیا کہ ڈرائیور کے پاس کاغذات ہی موجود نہیں تھے جس پر اس کا چالان کیا تاہم ڈرائیور لڑائی کرنے لگا اور اصرار کیا کہ اس نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی ، واقعے کے بعد مذکورہ شخص نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا اور پھر پولیس سے معافی بھی مانگ لی ۔ ادھر سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی ای چالان ٹیم نے فیصل ٹاؤن سے 63 چالان والی ایک کمرشل گاڑی کو پکڑا جس کے ڈرائیور نے 19 بار اوور اسپیڈنگ کی ، 11 مرتبہ لین لائن کی خلاف ورزی کی اور 33 بار ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ، پکڑے جانے کے بعد اس گاڑی کو 39 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے جب کہ کوسٹر کو لاہور کے تھانہ فیصل ٹاؤن میں بند کروا دیا گیا۔