سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان بابر حیات تارڑ سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد کی ملاقات،کشمیر کی صورتحال پر گفتگو

جمعہ 22 ستمبر 2023 23:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2023ء) سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان بابر حیات تارڑ سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک وفد نے سیکرٹری جنرل شیخ عبد المتین کی قیادت میں اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری انفارمیشن امتیاز وانی نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی المناک صورتحال اور مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر سیکرٹری امور کشمیر بابر حیات تارڑ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی تمام تر سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور اس سلسلے میں پاکستان دنیا کے تمام اہم فورمز پر کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، انہوں نے کہا کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو اجاگر کرنے میں کل جماعتی حریت کانفرنس کا بڑا اہم کردار ہے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف 27 اکتوبر کو پوری پاکستانی اور کشمیری قوم یوم سیاہ بھرپور انداز سے منائے گی اور پاکستان کے بڑے شہروں سے لے کر چھوٹے قصبوں میں رہنے والے عوام اس دن بھارت کے خلاف سراپا احتجاج ہوں گے ملاقات میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل شیخ عبد المتین نے مقبوضہ کشمیر کی موجود صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 05 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کی صورت میں پورے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر رکھا ہے جہاں تمام تر عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مودی کی فاشسٹ حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی مذہبی آزادی اور ان کی شناخت کو شدید خطرات سے دوچار کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور حق خودارادیت کے حصول کے ضمن میں کشمیری پاکستان کو اپنی امیدوں کا مرکز جانتے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان کی مسلسل حمایت پر حکومت پاکستان اور عوام کے شکر گزار ہیں، ملاقات میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری انفارمیشن امتیاز وانی نے یوم سیاہ کے حوالے سے تجاویز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر کو پوری دنیا کے کشمیری اور پاکستانی یوم سیاہ بھرپور انداز سے منائیں گے اور اس سلسلے مین منعقدہ تقاریب میں عوام کی کثیر تعداد شرکت کر کے 27 اکتوبر 1947 کے بھارتی غاصبانہ اقدامات کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔