گورنرحاجی غلام علی سے پاکستان میں پولینڈ کے سفیر میکج پسارسکی کی گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات

منگل 26 ستمبر 2023 20:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2023ء) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے پاکستان میں پولینڈ کے سفیر میکج پسارسکی نے منگل کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت تعلیم اور تجارت میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر نے معززسفیر کو گورنرہاؤس پشاور پہنچنے پر خوش آمدیدکہا۔

انہوں نے کہاکہ پولینڈ سے طویل مدتی سفارتی و دوستانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دو طرفہ تعلقات اورمضبوط روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ یہ صدی تجارت اور ٹیکنالوجی کی صدی ہے۔ کسی بھی ملک کے دوطرفہ تعلقات کی پالیسیوں میں عوام اور تجارت بنیادی نکات ہوتے ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام اور تاجربرادری کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کی بھی ضرورت ہے گورنرنے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا گذشتہ کچھ عرصہ سے دہشت گردی سے متاثر ہوا، عوام اور سیکورٹی فورسز نے قربانیاں دیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انفراسٹرکچر بھی شدید متاثر ہوا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ہمارے صوبے نے بھائی چارے اور عالمی قوانین کی بنیاد پر افغان مہاجرین کو سنبھالا اور ان کی دل سے مدد کی۔ افغانستان میں عدم استحکام کی وجہ سے پاکستان بہت متاثر ہوا جسکی وجہ سے آج پاکستان کو معاشی مشکلات کا سامناہے۔ انہوں نے کہاکہ شعبہ، صحت، تعلیم اور تجارتی سطح پر پاک پولش جوائنٹ وینچر منصوبے ہونے چاہئیں،جوائنٹ ونچر منصوبوں سے دوطرفہ تعلقات اور عوامی دوستی کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے پولینڈ سے ضم اضلاع کے نوجوانوں کو تعلیمی شعبہ میں خصوصی سکالرشپس فراہم کرنے کیلئے تعاون کی ضرورت پر زوردیا اور کہاکہ اس سے نوجوانوں اور باالخصوص طرفین کے عوام کے درمیان دوستی میں اضافہ ہوگا۔ گورنرنے پولینڈ کے کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کو صوبہ بالخصوص ضم اضلاع میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہاکہ ضم اضلاع میں پائے جانیوالے قدرتی وسائل معدنیات، تیل و گیس کے ذخائر سے استفادہ کرنے کیلئے سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہے۔

اس موقع پر پولینڈ کے سفیر میکج پسارسکی نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں۔خیبر پختونخوا کے قدیمی تاریخی شہر پشاور کا دورہ کر کے دلی خوشی ہوئی۔پولش سفیر نے اعلی تعلیم، تجارت و سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

پولش سفیر نے کہاکہ گذشتہ برس تجارت کا حجم 9 سو ملین ڈالر تھا اور اس تجارتی حجم کو1 بلین ڈالر تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اعلی تعلیم کے فروغ میں تعاون ہماری ترجیح ہے، پولینڈ کی یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلباء پڑھ رہے ہیں۔ اسی طرح صوبہ خیبرپختونخواکے سوات، نوشہرہ، کالام میں سکولوں کی تعمیر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولینڈ کی حکومت نے یوکرین میں پاکستانیوں کو بحفاظت منتقل کرنے میں بھی مدد کی۔