سیاسی قوتوں کے ساتھ مذاکرات جاری رہتے ہیں،نیئر بخاری

قومی سلامتی اداروں اور شہداء کی یادگاروں پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے،پیپلز پارٹی انتخابات کیلئے تیار ہے،جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی کا بیان

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 28 ستمبر 2023 13:30

سیاسی قوتوں کے ساتھ مذاکرات جاری رہتے ہیں،نیئر بخاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 28 ستمبر 2023ء) نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ سیاسی قوتوں کے ساتھ مذاکرات جاری رہتے ہیں،سی ای سی نے آصف زرداری کو مذاکرات کے اختیارات دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی نیئر بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بحرانوں سے نکلنے کا واحد راستہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہیں،پیپلز پارٹی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے تیار ہے۔

حقِ اقتدار کا اختیار عوام کے پاس ہے،بلاول بھٹو وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے۔ انکا کہنا تھا کہ سیاستدان کا رویہ ضد،عداوت کے بجائے اخوت و محبت والا ہوتا ہے۔سیاسی قوتوں سے مذاکرات جاری رہتے ہیں،سی ای سی نے آصف زرداری کو مذاکرات کے اختیارات دیئے ہیں تاہم نیئر بخاری نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں اور شہداء وطن کی یادگاروں پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے،عارضی جماعتیں بیساکھیوں اور سہاروں پر کھڑی ہیں۔

(جاری ہے)

جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی جبر شاہی مظالم اور شہادتوں کے باوجود ملک میں موجود ہے۔ سینٹ اجلاس بلانے سے آسمان نہیں گرے گا،مفادِ عامہ پر اظہار خیال کیلئے ممبران پارلیمنٹ کو حق نمائندگی دیا جائے۔ یاد رہے کہ عام انتخابات کیلئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی ٹکٹ کیلئے صوبائی پارلیمانی بورڈز تشکیل دے دئیے ہیں،چاروں صوبوں کیلئے الگ الگ پارلیمانی بورڈ بنایا گیا۔

پارلیمانی بورڈز عام انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں کا فیصلہ کریں گے اور ہر صوبائی پارلیمانی بورڈ بلاول بھٹو کو پارٹی ٹکٹ کیلئے امیدوار کا نام تجویز کرے گا، تاہم حتمی فیصلے کے بعد بلاول بھٹو امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کریں گے۔ سینٹرل پنجاب کیلئے بورڈ کی سربراہی راجہ پرویز اشرف کو دی گئی،بورڈ کے یگر ارکان میں قمر زمان کائرہ،چوہدری منظور،حسن مرتضیٰ،رانا فاروق اور فیصل صالح حیات سمیت ہیں۔