Live Updates

گیلپ سروے میں پاک فوج ملک کا اعلیٰ ترین ادارہ قرار

کارکردگی کے اعتبار سے فوج کے حق میں عوامی رائے قدرے مایوس کن رہی، 57 فیصد عوام نے فوج کی کارکردگی پر اپنی مثبت رائے دی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 28 ستمبر 2023 23:38

گیلپ سروے میں پاک فوج ملک کا اعلیٰ ترین ادارہ قرار
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 ستمبر 2023ء) گیلپ سروے میں 88 فیصد افراد نے پاک فوج کو ملک کا اعلیٰ ترین ادارہ قرار دے دیا۔ کارکردگی کے اعتبار سے فوج کے حق میں عوامی رائے قدرے مایوس کن رہی، 57 فیصد عوام نے فوج کی کارکردگی پر اپنی مثبت رائے دی۔ سروے کے مطابق میڈیا اور عدالتیں بطور ادارہ 56-56 فیصد عوامی حمایت حاصل کرکے دوسرے نمبر آئے جبکہ الیکشن کمیشن 42 فیصد ہی عوامی حمایت حاصل کرسکا۔

سروے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنما کے طور پر اپنی پوزیشن بنانے میں کامیاب رہے، انہیں 60 فیصد ووٹ ملے جبکہ نواز شریف اور شہباز شریف بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن حاصل کرسکے جبکہ مریم نواز ساتویں نمبر پر آئی ہیں۔ حیرت انگیز طور پر مقبول سیاسی رہنما کی فہرست میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی نے دوسرے اور پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی تیسرے نمبر پر اپنی پوزیشن بنا سکے۔

(جاری ہے)

حالیہ گیلپ سروے کے مطابق پاکستان میں اداروں کی درجہ بندی میں پاک فوج اعلیٰ ترین ادارہ قرار پایا ہے جبکہ عوامی سطح پر مقبول سیاسی رہنماؤں کی فہرست میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سرفہرست اور ان کے سیاسی حریف نواز شریف پانچویں نمبر پر آئے ہیں۔ گیلپ سروے 10 جون سے 30 جون کے درمیان کیا گیا جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے مختلف علاقوں کی نمائندگی کرنے والے 3 ہزار 500 شرکا کے جوابات اکٹھے کیے گئے۔

سروے کے تحت “نیشنل پبلک اوپینین پول رپورٹ” جاری کی گئی۔ سروے میں مختلف اداروں اور سیاسی رہنماؤں کے بارے میں عوامی جذبات کا جائزہ لیا گیا۔ سروے میں ووٹنگ کی ترجیحات کا بھی جائزہ لیا گیا، جس سے یہ بات سامنے آئی کہ اگر انتخابات وقت پر ہوئے تو مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے والوں کے مقابلے میں دو گنا زیادہ جواب دہندگان پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے۔ سروے کے مطابق عوام نے پی ٹی آئی دور حکومت میں اس کی اقتصادی کارکردگی پر سب سے زیادہ اطمینان کا اظہارکیا۔ سروے کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) 42 فیصد، ٹی ایل پی 41 فیصد مسلم لیگ ن 38 فیصد، اور جماعت اسلامی (جے آئی) 31 فیصد ووٹ حاصل کرسکی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات