منصفانہ اور شفاف الیکشن کے نتیجے میں آنے والی قیادت ملک کو آگے لے کر جائے گی،رانا ثناء اللہ

ہفتہ 30 ستمبر 2023 21:02

منصفانہ اور شفاف الیکشن کے نتیجے میں آنے والی قیادت ملک کو آگے لے کر ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2023ء) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان نے کہاہے کہ ناموس رسالت کے معاملہ میں اکابر علماء کی رہنمائی اثاثہ ہے۔ رہتی دنیا تک ذکر محمد اور قرآن رہنا ہے اور بڑھنا ہے۔ منصفانہ اور شفاف الیکشن کے نتیجے میں آنے والی قیادت ملک کو آگے لے کر جائے گی فضل الرحمن اور نواز شریف ہی مل کرملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں ،دفاعی تنصیات پر حملہ آور ہونے والوں کو حساب دینا پڑے گا، نومئی کے واقعات کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اس جماعت کے چیئرمین کا الیکشن میں ہونا ضروری نہیں، آن لائن کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی اور رحمت کائنات فاونڈیشن کے زیر اہتمام فیصل آبادہاکی اسٹیڈیم مدینہ ٹاون میں تحفظ ناموس رسالتﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کہا کہ ناموس رسالت کا تحفظ اور ذکر مصطفیٰﷺ کی محفل میں موجودگی باعث بخشش و نجات ہے۔

(جاری ہے)

ناموس رسالت کے معاملہ میں اکابر علماء کی رہنمائی اثاثہ ہے۔ رہتی دنیا تک ذکر محمد اور قرآن رہنا ہے اور بڑھنا ہے۔ بدقسمت لوگ حضرت محمدﷺ سے محبت اور پیار کے جذبات کو مجروح کر کے مسلمانوں کو دکھ دینے کی حرکت کرتے ہیں۔ ایسے لوگ عذاب خدا کا شکار ہیں۔ کوئی باشعور ایسا نہیں کر سکتا۔ وزارت داخلہ کے دور میں ایف آئی اے کا سپیشل ونگ سوشل میڈیا پر گستاخوں کی مانیٹرنگ کر کے انہیں قانون کے دائرہ میں لانے کیلیے بنایا۔

ایسے لوگوں کا پوری قوت سے محاسبہ کرنے کیلیے قانون کا سہارا لیں قانون ہاتھ میں لیبے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ علماء عوام میں قانون کا احترام واضح کریں۔ مولانا فضل الرحمن کی صورت میں ہمارے پاس دینی و دنیاوی رہنمائی کیلئے لوگ موجود ہیں۔انہوں نے کہا منصفانہ انتخابات کے نتیجے میں آنے والی قیادت ملک کو آگے لے کر جائے گی۔معاملہ بڑا سیدھا ہے کسی نے قانون ہاتھ میں لیا ہے اور نو مئی کو دفاعی تنصیات پر حملہ آور ہو کر قانون ہاتھ میں لیا ہے تو قانون کا سامنا کر کے اس کا حساب دینا پڑے گا۔

اس بنیاد پر اس کا الیکشن میں ہونا ضروری نہیں۔ رانا ثناء اللہ خان نے کہاکہ قائد ملت اسلامیہ مولانا فضل الرحمن اور نواز شریف کی قیادت میں جیسے پہلے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے ایسے آگے لے کر چلیں گے۔ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے عالمی کردار بھی ویسا ہی ہو گا جیسا اسلامی دنیا چاہتی ہے۔ مولانا فضل الرحمن اور ان کے بیٹے مفتی اسعد محمود کو سولہ مہینوں میں قریب سے ملنے کا موقع ملا۔

جس کے بعد یقین سے کہتا ہوں کہ دنیاوی اور دینی اعتبار سے ان سے زیادہ زیرک کوئی نہیں۔ ملک جس مہنگائی سے گزر رہا ہے اور عام آدمی کی زندگی مشکل میں ہے جسے مولانا اور نواز شریف ہی ٹھیک کر سکتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ خان نے رحمت کائنات فاونڈیشن کے چیئرمین مولانا اسعد مکی، مسلم لیگ ن علماء مشائخ ونگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری حافظ محمد امجد اور انتظامیہ جے یو آئی کے رہنماوں کا مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں حافظ امجد نے اپنے مخصوص جوشیلے انداز میں رانا ثناء اللہ خان کو دعوت خطاب دی۔۔