Live Updates

مسلم لیگ ن کا جلسے اور کنونشن منسوخ کرنے کا فیصلہ

ٹھوکر نیاز بیگ جلسے کے بعد لاہور میں مزید جلسوں کی گنجائش نہیں‘ سارا زور مینار پاکستان جلسے کی تیاریوں پر لگایا جائے گا۔ پارٹی ذرائع

Sajid Ali ساجد علی منگل 10 اکتوبر 2023 15:57

مسلم لیگ ن کا جلسے اور کنونشن منسوخ کرنے کا فیصلہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 اکتوبر 2023ء ) پاکستان مسلم لیگ ن نے لاہور بھر میں ورکرز کنونشنز اور جلسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قیادت کی ہدایت پر کل بدھ کو گلشن راوی میں ہونے والا جلسہ، غزالی سلیم بٹ کے حلقے میں ہونے والا جلسہ، خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر رہنماؤں کے حلقوں میں ہونے والے جلسے اور ورکرز کنونشز منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نئی حکمت عملی کے تحت اب تمام حلقوں کے سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سابقہ بلدیاتی نمائندوں اور ورکرز کے اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوں گے، مریم نواز ہر اجلاس کی صدارت کریں گی، تمام اجلاسوں میں ن لیگ کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر کی جانب سے پارٹی قائد نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کہتے ہیں کہ پارٹی قیادت سمجھتی ہے ٹھوکر نیاز بیگ پر مسلم لیگ ن کے کامیاب جلسے کے بعد لاہور شہر میں مزید جلسوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اس لیے ان جلسوں کی بجائے سارا زور مینار پاکستان جلسے کی تیاریوں پر لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ سینئر نائب صدر ن لیگ نے لاہور کے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں یونین کونسلوں کے عہدیداروں اور کارکنوں سے مرحلہ وار ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے، اس سلسلے میں انہوں نے یونین کونسل 123 اور 125 کے عہدیداروں اور کارکنوں کی ملاقات کی، جس میں یونین کونسلز کی سطح پر 21 اکتوبر کو قائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، مریم نواز شریف نے یونین کونسل کے عہدیداروں اور کارکنوں سے مشاورت کی اور ان کی تجاویز لیں، مریم نواز نے ٹھوکر نیاز بیگ میں گزشتہ روز ہونے والے بھرپور جلسے پر منتظمین، کارکنوں اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹھوکر نیاز بیگ کے کارکنوں، عہدیداروں اور عوام کا جذبہ نواز شریف سے محبت کا والہانہ اظہار تھا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ 6 سال بعد نواز شریف قوم کو پورا سچ بتائے گا تو سارے پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے دفن ہوجائیں گے، کارکردگی میں نہ ہرا سکے تو جھوٹے الزام لگا کر، دھاندلی اور طاقت سے نواز شریف کو میدان سے ہی نکال دیا لیکن اللہ تعالی نوازشریف کو پھر واپس لے آیا، نوازشریف کو نکالنے والے نظام سے ہی نکل گئے یہ اللہ کا نظام ہے، حالاں کہ 6 سال تک جھوٹوں کو جھوٹ بولنے کی کھلی آزادی تھی جس سے ذہن گمراہ ہوئے، نواز شریف، ان کے خاندان، ان کی جماعت کو جھوٹے پراپگنڈے، بے بنیاد مقدمات سے ستایا گیا، عوام کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری سے ستایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو اقتدار سے نکالنے کی سزا ملک اور عوام کو ملی اور مل رہی ہے، نوازشریف 2017 میں گیا تو ملک کیا تھا اور چھ سال بعد آج ملک کیا سے کیا ہوگیا، نوازشریف گیا تو ترقی ، امن اور عوامی خوش حالی بھی چلی گئی، نواز شریف جب آیا، امن، ترقی اور خوش حالی کی بہار آئی، جس نے کرکے دکھایا وہ قائد اور معمار پاکستان واپس آرہا ہے، اللہ تعالی پاکستان کے حالات ٹھیک کرے گا ، اسی لئے نوازشریف آرہا ہے۔

سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ نواز شریف کو ہر بار حالات نے آزمایا اور نوازشریف ہر بار سرخرو ہوا، نواز شریف کے دور میں مہنگائی 47 سال کی کم ترین سطح پر تھی، 65 لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار ملا، نوازشریف کی ٹیم میں ایک سے ایک قابل ، دیانتدار اور عوام کا خادم شامل ہے، نوازشریف کے دور میں پاکستانی عوام مطمئن عوام تھی اور آج رو رہی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات