تحریک انصاف نے لبرٹی چوک پر جلسے کی اجازت کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا

ملک میں عنقریب عام انتخابات ہوں گے،پی ٹی آئی نے الیکشن کے لیے منشور کے اعلان کے لیے جلسے کا انعقاد کرنا ہے،الیکشن کے لیے آئین ہر سیاسی جماعت کو عوامی رابطے کی اجازت دیتا ہے،عدالت جلسہ کرنے اجازت دینے کا حکم دے۔لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں استدعا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 10 اکتوبر 2023 16:14

تحریک انصاف نے لبرٹی چوک پر جلسے کی اجازت کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 اکتوبر 2023ء ) پاکستان تحریک انصاف نے لبرٹی چوک پر جلسے کی اجازت کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر دی۔درخواست ایڈیشنل سیکرٹری پی ٹی آئی پنجاب عظیم اللہ خان نے دائر کی۔درخواست میں ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک میں عنقریب عام انتخابات کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی نے الیکشن کے لیے منشور کے اعلان کے لیے جلسے کا انعقاد کرنا ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور و دیگر ذمہ داران کو جلسے کی اجازت کے لیے درخواستیں دیں لیکن لبرٹی چوک لاہور میں 15 اکتوبر کے جلسے کے لیے پی ٹی آئی کو اجازت نہیں دی گئی۔اجازت نہ ملنے سے جلسے کے انتظامات کے لیے مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کے لیے آئین ہر سیاسی جماعت کو عوامی رابطے کی اجازت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

استدعا ہے کہ عدالت ڈپٹی کمشنر لاہور کو پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے اجازت دینے کا حکم دے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن نے لاہور بھر میں ورکرز کنونشنز اور جلسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قیادت کی ہدایت پر کل بدھ کو گلشن راوی میں ہونے والا جلسہ، غزالی سلیم بٹ کے حلقے میں ہونے والا جلسہ، خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر رہنماؤں کے حلقوں میں ہونے والے جلسے اور ورکرز کنونشز منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نئی حکمت عملی کے تحت اب تمام حلقوں کے سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سابقہ بلدیاتی نمائندوں اور ورکرز کے اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوں گے، مریم نواز ہر اجلاس کی صدارت کریں گی، تمام اجلاسوں میں ن لیگ کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر کی جانب سے پارٹی قائد نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کہتے ہیں کہ پارٹی قیادت سمجھتی ہے ٹھوکر نیاز بیگ پر مسلم لیگ ن کے کامیاب جلسے کے بعد لاہور شہر میں مزید جلسوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اس لیے ان جلسوں کی بجائے سارا زور مینار پاکستان جلسے کی تیاریوں پر لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔