قومی وطن پارٹی کے گیارویں یوم تاسیس کے موقع پرپارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ وطن کور پشاور میں پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد

منگل 17 اکتوبر 2023 22:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2023ء) قومی وطن پارٹی کے گیارویں یوم تاسیس کے موقع پرپارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ وطن کور پشاور میں پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کا باقاعدہ افتتاح پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے کیا۔اس موقع پرپارٹی کے صوبائی سینئر وائس چیئرمین طارق احمد خان اورصوبائی سیکرٹری انفارمیشن اسد آفریدی ایڈوکیٹ کے علاوہ پارٹی عہدیداران وکارکنان بھی موجود تھے ۔

بعد ازاں سکندر شیرپائو نے وطن کور شیرپائو میں پرچم کشائی کے بعدپارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پارٹی کارکنان کیلئے تجدید عہد کا دن ہے اور ہمیں صوبہ اور یہاں کے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے اپنے جاری جدوجہد کو مزید تیز کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے عہد کر تے ہوئے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے حقوق اور صوبے کے وسائل پر کبھی سودا بازی نہیں کریگی اور ان حقوق کے حصول کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔

انھوںنے کہا کہ قومی وطن پارٹی جمہوری پارٹی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں جلد از جلد نئے انتخابات کیلئے راہ ہموار کی جائے۔انھوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس کی قیمتوںمیں مزید کمی کے ساتھ ساتھ بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں میں بھی کمی کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

انھوں نے پاکستان اور افغانستان کے برادرانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان ہمارا اسلامی برادر ہمسایہ ملک ہے اور اس کے ساتھ اچھے تعلقات کا خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے لہٰذا دونوں ممالک کے بہترین تعلقات وقت کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کی بنیاد اس عزم کے ساتھ رکھی گئی کہ پختونوں اور خیبر پختونخوا کے حقوق و بہبود کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ان کی سماجی و معاشی استحکام کیلئے عملی کوششیں کی جائیں گی ۔انھوں نے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ اپنے رابطے مضبوط بنائے اوران کے مسائل و مشکلات اجاگر کرنے کیلئے اپنا کلیدی کردار کرے۔ تقریب سے پارٹی کے صوبائی اور ضلعی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔