Live Updates

ان کا ملک غزہ میں جنگ بندی چاہتا ہے،ا ور اس کیلئے ہم کوشش کررہے ہیں،اسرائیل شہریوں پر حملے بند کرے،روسی سفیر

پاکستان سے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، تاہم تجارت کیلئے پاکستانی حکومت نے اب تک متبادل ادائیگی نظام بنانے میں دلچسپی نہیں لی، پاکستان کونسل آف فارن ریلیشن کے تحت تقریب سے خطاب

اتوار 22 اکتوبر 2023 20:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2023ء) پاکستان میں تعینات روسی سفیر ڈینیلا گینچ نے کہا ہے کہ ان کا ملک غزہ میں جنگ بندی چاہتا ہے ا ور اس کیلئے ہم کوشش کررہے ہیں، جنگ بندی کیلئے روسی قرارداد کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے ویٹو کیا، غزہ میں انسانی امداد پہنچانے کی ضرورت ہے،اسرائیل شہریوں پر حملے بند کرے، پاکستان سے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، تاہم تجارت کیلئے پاکستانی حکومت نے اب تک متبادل ادائیگی نظام بنانے میں دلچسپی نہیں لی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پاکستان کونسل آف فارن ریلیشن کے تحت تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر کونسل کے سیکریٹری جنرل احسن مختار زبیری ، چیئرمین حسن حبیب اور روس میں سابق پاکستانی سفیر قاضی خلیل اللہ نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ڈینیلا گینچ نے کہاکہ مغربی پابندیوں کے باوجود روس دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن گیا ہے، اور معاشی لحاظ سے ہم جرمنی سے آگے نکل گئے ہیں۔

روسی سفیر نے کہا کہ پاکستان سے دیرینہ تعلقات ہیں، اپنے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے بھی راغب کریں گے، پاکستانی تاجروں اور صنعت کاروں کو بھی مشترکہ منصوبوں کیلئے کام کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ روس پر مغربی پابندیوں کے بعد دونوں ملکوں میں تجارت بڑھانے کیلئے ادائیگیوں کا متبادل نظام ضروری ہے، روسی سفیرنے یوکرائن جنگ کے حوالے سے کہا کہ روس نے فوجی آپریشن اس وقت شروع کیا تھا، جب امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں نے ہمارے پاس اس کے سوا کوئی راستہ نہیں چھوڑا تھا، امریکہ نے تمام وعدے توڑتے ہوئے نیٹو کو مشرقی یورپ میں توسیع دی ، اور اب ہماری سرحدوں تک آرہے تھے، ماسکو میں سابق سفیر قاضی محمد خلیل اللہ نے کہا کہ دنیا کو ملٹی پولر بنانے کیلئے روس کا کردار اہم ہے، روس کے دباو کی وجہ سے اسرائیل کے ہاتھ کچھ رکے ہوئے ہیں، ورنہ وہ غزہ میں اس سے زیادہ تباہی لاتا۔

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات