مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں کی فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت ، عالمی برادری سے اسرائیلی جارحیت کو فوری رکوانے کی ایپل

جمعرات 2 نومبر 2023 23:22

اکوڑہ خٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2023ء) ملک کی مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی بھرپور انداز میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے ایپل کی کہ اسرائیلی جارحیت کو فی الفور روکا جائے،غزہ کے مسلمانوں کو خوراک وادویات پہنچانے کیلئے قریبی ممالک کے بارڈرز کو فی الفور کھولا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں مولانا سمیع الحق شہید کی پانچویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس سے جمعیت علمائے اسلام پاکستان (س)کے امیر مولانا حامد الحق حقانی ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم اوروفاق المدارس کے نائب صدر مولانا انوار الحق حقانی ، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز ، تحریک جوانان پاکستان کے سربراہ عبداللہ حمید گل اور جماعت اسلامی کے سینئر نائب امیر لیاقت بلوچ نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے اختتام ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیلی جارحیت کو فی الفور روکتے ہوئے غزہ کے مسلمانوں کو خوراک وادویات پہنچانے کیلئے قریبی ممالک کے بارڈرز کو فی الفور کھولا جائے، اوآئی سی ، عرب لیگ ،اقوام متحدہ اسرائیلی جارحیت رکوانے کتےلئے اپنا کردار ادا کریں۔ اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیاکہ بیت المقدس ہمیشہ مسلمانوں کا مرکز رہا ہے اور اب بھی اقوام عالم کو چاہیے کہ وہ بیت المقدس کو مسلمانوں کے حوالے کرے ۔

اعلامیہ میں کشمیری مسلمانوں پر جاری ظلم و ستم کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ انتہا پسند نریندر مودی اس وقت پورے خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے لہٰذا اس کے خلاف سفارتی سطح پر بھرپور اقدامات کیے جائیں۔ مولانا حامد الحق حقانی نےکانفرنس سے خطاب میں مولانا سمیع الحق کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیااور ان کی ملی،سیاسی ، دینی،علمی،تصنیفی خدمات کو سراہا انہوں نے کہاکہ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں اورنظریہ پاکستان کی حفاظت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے امن اور سالمیت کی خاطر ہم قربانیاں دے رہے ہیں ،ہم علمائے حق کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔جماعت اسلامی سراج الحق صاحب نے مولانا سمیع الحق کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہاکہ مولانا سمیع الحق ساری زندگی مظلوم مسلمانوں کی توانا آواز رہے۔وہ اتحاد بین المسلمین کے داعی رہے ۔

مولانا انوار الحق حقانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مولانا سمیع الحق اپنی ذات میں ایک انجمن تھے، انہوں نے ہمیشہ میرے ساتھ شفقت کا رویہ رکھا۔اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہاکہ مولانا سمیع الحق ایک بہت بڑے پائے کے عالم دین اور محدث ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مدبر اور دوراندیش سیاستدان بھی تھے،تحریک جوانان پاکستان کے سربراہ عبداللہ حمید گل نے کہاکہ مولانا سمیع الحق کی قیادت میں دفاع پاکستان کونسل کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، وہ ہمیشہ سب کو ساتھ لے کر چلتے ، جماعت اسلامی کے سینئر نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہاکہ مولاناسمیع الحق کا نام ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

مرکز ی جمعیت اہل حدیث کے نائب صدر مولانا علی محمد ابوتراب نے بھی اپنے وفد کے ہمراہ کانفرنس میں شرکت کی۔اجتماع سے جمعیت کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا سیدیوسف شاہ ، کے پی کے امیر مولانا عبدالواحدخطیب، پنجاب کے امیر مولانا عبدالقدوس نقشبندی،مولانا عبدالقیوم حقانی،مولانا راشدا لحق سمیع ، مولانا عرفان الحق، مولانا ایوب خان ثاقب ڈسکہ، حافظ زبیر حسن جامعہ اشرفیہ لاہور،مولانا عبدالحئی ،بلوچستان کے امیر مولانا عبدالواحد بازئی، جنرل سیکرٹری عبدالقیوم میرزئی، صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری مولانا عثمان سموں ، مولانا قاضی ارشد الحسینی اٹک، مولانا عبدالشکور نقشبندی،مولانا اعظم حسین لاہور،حضرت ولی ہزاروی، اسلم شیخ ایڈووکیٹ ، مولانا اسامہ سمیع، مولانا خذیمہ سمیع، مولانا لقمان الحق ،مولانا ارشد علی قریشی ،اور دیگر نے شرکت اور خطاب کیا ۔