کاروباری ہفتے کے آغاز پر روپے کی قدر میں اضافہ

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 286 روپے سے نیچے آ گئی

muhammad ali محمد علی پیر 20 نومبر 2023 18:59

کاروباری ہفتے کے آغاز پر روپے کی قدر میں اضافہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 نومبر2023ء) کاروباری ہفتے کے آغاز پر روپے کی قدر میں اضافہ، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 286 روپے سے نیچے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق قرض پروگرام کی دوسری قسط کی وصول کیلئے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ ہو جانے کے بعد سے پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ رک گیا ہے۔ کاروباری ہفتے کے آغاز پر بھی روپے کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا، یوں مسلسل 3 کاروباری ایام میں ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی ہو گئی۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز بھی انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 56 پیسے کی کمی ہوئی جس کے بعد انٹربینک میں امریکی ڈالر 285 روپے 97 پیسے پر بند ہوا ہے۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے کی کمی کے ساتھ 287 روپے 50 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کاروباری ہفتے کے پہلے روز سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت رجحان رہا، کاروباری روز کے اختتام پر 100 انڈیکس 15 پوائنٹس اضافے کیساتھ 57 ہزار 78 پوائنٹس پر بند ہوا۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر 100 انڈیکس 57 ہزار 63 پوائنٹس پر بند ہواتھا۔ سٹاک مارکیٹ میں آج 10 ارب 25 کروڑ 30 لاکھ 60 ہزار 415 روپے مالیت کے 31 کروڑ 47 لاکھ 36 ہزار 21 شیئرز کا لین دین ہوا۔ جبکہ ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں بھی استحکام دیکھا گیا۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں سونے کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 2 ڈالر کمی کیساتھ 1999 ڈالر ہوگئی جبکہ پاکستان میں فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتیں بغیر کسی رد وبدل کے مستحکم رہیں۔ مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 15 ہزار ایک سو روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 84 ہزار 414 روپے کی سطح پر برقرار ہے۔