بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بننے کے اہل ہیں،خورشیدشاہ

آصف علی زرداری کے بیان کوبڑھا چڑھا کرپیش کیا گیا، 18 ویں ترمیم پہلے ہوتی تو بنگلادیش نہ بنتا،سینئررہنما پیپلزپارٹی

پیر 27 نومبر 2023 14:15

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2023ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنما اور سابق اپوزیشن لیڈرخورشیداحمد شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بننے کے اہل ہیں،آصف علی زرداری کے بیان کوبڑھا چڑھا کرپیش کیا گیا،18 ویں ترمیم پہلے ہوتی تو بنگلادیش نہ بنتا۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ بلاول بھٹو وزیراعظم بننے کے اہل ہیں تاہم فیصلہ سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی(سی ای سی)اجلاس میں ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ہم کسی پر دبائو ڈال کر سیاست نہیں کرتے، 55 سال سے اصولوں کی سیاست کر رہے ہیں، روٹی، کپڑا اور مکان ہمارا منشور ہے۔خورشید شاہ نے کہاکہ نواز شریف کہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ ہماری ہے، چیئرمین پی ٹی آئی بھی ایسے ہی کہتے تھے۔

(جاری ہے)

اسٹیبلشمنٹ ایک ادارہ ہے جو ہر طبقے کا ہے۔رہنما پیپلزپارٹی نے کہاکہ سندھ میں ایک بندرگاہ ہے،جہاں سے ملک بھر میں تجارت ہوتی ہے مگر سندھ میں ایک موٹروے نہیں بنائی گئی، سندھ میں کوئلے سے 2600 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، سندھ میں کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی20 ہزار میگاواٹ تک جائے گی مگر سندھ کی گیس بند کردی گئی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد دیواروں پر لکھے صوبائی حقوق کے نعرے ختم ہوئے، یہ ترمیم پہلے ہوتی تو بنگلادیش نہ بنتا۔