ن لیگ کا اقتدار میں آنے کے بعد پی ٹی آئی کے شروع کردہ منصوبے جاری رکھنے کا اعلان

کے پی میں پی ٹی آئی کے دس سالوں میں میں جو نہ ہوسکا وہ ہم ایک سال میں کریں گے، پی ٹی آئی کے اچھے منصوبے جاری رکھیں گے، رہنما ن لیگ کیپٹن (ر) صفدر

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 28 نومبر 2023 22:21

ن لیگ کا اقتدار میں آنے کے بعد پی ٹی آئی کے شروع کردہ منصوبے جاری رکھنے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 نومبر2023ء) ن لیگ نے اقتدار میں آنے کے بعد پی ٹی آئی کے شروع کردہ منصوبے جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ کے پی میں پی ٹی آئی کے دس سالوں میں میں جو نہ ہوسکا وہ ہم ایک سال میں کریں گے، پی ٹی آئی کے اچھے منصوبے جاری رکھیں گے۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف جلد خیبر پختونخوا کا دورہ کریں گے۔

انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دس سالوں میں میں جو نہ ہوسکا وہ ہم ایک سال میں کریں گے۔ کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ شہباز شریف نے بونیر ٹنل پراجیکٹ کےلیے 30 ارب روپے دیے تھے۔ 30 ارب روپے کا یہ پراجیکٹ ایک سال میں مکمل کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ دریائے سندھ پر 10 ارب روپے کا پل بن رہا ہے، 25 کلومیٹر کا روڈ تعمیر کیا جائے گا جو ٹنل کے ساتھ ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے اس ٹنل کے ذریعے مل جائے گا۔ بونیر ٹنل کا فائدہ مانسہرہ، طورغر، بٹگرام، بونیر، سوات اور مردان کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اچھے منصوبے بھی جاری رکھیں گے۔ چاہتے ہیں خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ امیر مقام ہوں۔