تاجر کے گھر میں پولیس کی ڈکیتی کے مقدمے میں گرفتار 5 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا

بدھ 29 نومبر 2023 17:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2023ء) کراچی کی مقامی عدالت نے اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر میں پولیس کی ڈکیتی کے مقدمے میں گرفتار 5 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت کے روبرو اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر میں پولیس کی ڈکیتی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے عدالت میں گرفتار 5 ملزمان کو پیش کیا۔

ملزمان کو کپڑے سے چہرہ ڈھانپ کر عدالت لایا گیا تھا۔ 3 ملزمان محفوظ، عبدالستار اور اظہار کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا گیا جبکہ 2 ملزمان میں سہیل اور شاہ رخ کو پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر کی نے ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر دینے کی استدعا کی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ 2 ملزمان سہیل رضوی اور شاہ رخ کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان سے تفتیش باقی ہے جسمانی ریمانڈ پر دیا جائے۔

3 ملزمان کی شناخت پریڈ بھی کرانی ہے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ شناخت پریڈ کی درخواست کہاں ہی تفتیشی افسر نے ملزمان کی شناخت پریڈ کہ درخواست دائر کردی۔ ملزمان کی طرف سے منظور ایڈووکیٹ و دیگر وکلا کی جانب سے وکالت نامے جمع کرادیئے گئے۔ عدالت نے وکلا صفائی سے استفسار کیا کہ شناخت پریڈ سے آپ لوگوں کو کوئی اعتراض تو نہیں ہے۔ وکلا نے موقف دیا کہ نہیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ شناخت پریڈ کس سے کرانی ہی تفتیشی افسر نے بتایا کہ مدعی مقدمہ سے ملزمان کی شناخت پریڈ کرانا چاہتے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کن کن ملزمان کی شناخت پریڈ کرانی ہیں یہاں تو 5 ملزمان ہیں تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزمان اظہار، کامران اور سہیل کی شناخت پریڈ کرانی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمان پر الزام کیا ہی تفتیشی افسر نے کہا کہ ڈی ایس پی و دیگر ملزمان نے ڈکیتی کی واردات کے بعد پیسوں کا بٹوارا کیا۔

پیسوں کا بٹوارا ڈیفنس کے ایک گھر میں جاکر کیا گیا تھا۔ تفتیشی افسر کی جانب سے ڈی ایس پی عمیر طارق کے موبائل فون کا پن کوڈ لینے کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے گرفتار 5 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو ڈی ایس پی عمیر طارق کا موبائل کھولنے کے لئے پن کوڈ لینے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو کل تک جیل میں عمیر طارق سے پن کوڈ لینے کا وقت دے دیا۔ عدالت نے سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔ پولیس کے مطابق ڈی ایس پی پر تاجر شاکر خان کے گھر میں 2 کروڑ روپے کی ڈکیتی کا الزام ہے۔ ملزموں نے گھر سے 70 سے 80 تولی سونا بھی چوری کیا تھا۔ مقدمہ تاجر شاکر کی مدعیت میں تھانہ پیرآباد میں درج کیا گیا تھا۔