کےالیکٹرک کے صنعتی صارفین سے 3روپے فی یونٹ رقم ریکور کرنے کا فیصلہ

صنعتی صارفین سے سبسڈی کی مد میں رقم 2 ماہ میں واپس لینے کی منظوری، نیپرا نے فیصلہ نوٹیفکیشن کیلئے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 29 نومبر 2023 19:38

کےالیکٹرک کے صنعتی صارفین سے 3روپے فی یونٹ رقم ریکور کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 نومبر 2023ء) نیپرا نے کے الیکٹرک کے صنعتی صارفین سے 3روپے فی یونٹ رقم ریکور کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے کراچی کے صنعتی صارفین سے ریکوری سے متعلق نظرثانی فیصلہ جاری کردیا، جس کے تحت کے الیکٹرک کے صنعتی صارفین سے 3روپے فی یونٹ رقم دو ماہ میں ریکور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،نیپرا نے صنعتی صارفین سے سبسڈی کی مد میں رقم واپس لینے کی اجازت دے دی ہے، رقم کی ریکوری پر عملدرآمد 2ماہ میں مکمل کیا جائے گا، نیپرا نے پاور ڈویژن کے اعتراض کے بعد نظرثانی فیصلہ جاری کیا، نیپرا نے نظر ثانی فیصلہ نوٹیفکیشن کیلئے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے بعد 2ماہ میں کراچی کے صنعتی صارفین کیلئے ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی جائے۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جاری کیا گیا، سبسڈی دینے کا اختیار وفاقی حکومت کا ہے۔ دوسری جانب آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت دو ہزار چھ سو روپے بڑھنے کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 21 ہزار روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 89 ہزار 472 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح نان بائی ایسوسی ایشن کی جانب سے راولپنڈی اوراسلام آباد میں نان روٹی کی قیمتوں میں 5، 5 روپے اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد روٹی کی قیمت 25 روپے کی بجائے 30 روپے جبکہ نان کی قیمت 30 روپے بجائے 35 روپے ہوجائے گی، اسی طرح تنوری پراٹھا اور روغنی نان کی قیمت 50 روپے سے بڑھ کر 60 روپے ہوجائے گی۔  نان روٹی کی قیمت میں اضافے کی وجہ آٹا میدہ اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہے، نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر محمد شفیق قریشی کا کہنا ہے کہ پچھلے ایک ہفتے سے آٹے اور میدے کی قیمت میں 600 سے 750 روپے فی بوری اضافہ ہوگیا ہے۔

جبکہ گیس کا سلنڈر بھی 12500 روپے تک مہنگا کر دیا گیا، گیس کا سلنڈر تندوروں میں صرف دو دن چلتی ہے۔ نان روٹی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ریکوزیشن جمع کروادی گئی ہے، 30 نومبر جمعرات کو نان بائی جنرل کونسل بھی اس اضافے کی منظوری دے گی۔