پاکستان پیپلز پارٹی 56ویںیوم تاسیس کے موقع پر (آج)کوئٹہ میں پاور شو کریگی

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مرکزی قیادت کے ہمراہ کوئٹہ پہنچ گئے

بدھ 29 نومبر 2023 19:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی 56ویںیوم تاسیس کے موقع پر (آج)جمعرات کوکوئٹہ میں پاور شو کریگی ،جلسے میں شرکت اور خطاب کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مرکزی قیادت کے ہمراہ کوئٹہ پہنچ گئے ، کوئٹہ شہر کو پیپلزپارٹی کے جھنڈوں سے سجا دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے 56ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے مرکزی جلسہ آج جمعرات کوکوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم کے فٹبال گرائونڈ میں منعقد ہوگا ۔ جلسے میں شرکت کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ، سید خورشید شاہ، سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ،نیر بخاری، سلیم مانڈوی والا، شرجیل میمن ، سینیٹر وقادر مہدی ، شازیہ مری، فیصل کریم کنڈی ،ناصر حسین شاہ سمیت مرکزی اور صوبوں کی قیادت کوئٹہ پہنچ گئی ۔

(جاری ہے)

کوئٹہ آمد پر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا نواب ثناء اللہ زہری ، میر چنگیز جمالی، روزی خان کاکڑ، سردار سربلند جوگیزئی، علی مدد جتک، صابر بلوچ، چوہدری یاسین، سردار عمر گورگیج ، عبدالقادر بلوچ ودیگر نے استقبال کیا۔سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج ایوب اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

جلسے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے کوئٹہ شہر میں پیپلزپارٹی کے پرچم لگائے گئے ہیں جبکہ پارٹی رہنمائوں نے بدھ کو جلسہ گاہ کا دورہ کر کے انتظامات کو حتمی شکل دی۔پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کے مطابق ایوب اسٹیڈیم کے فٹبال گرائونڈ کے پیولین کو اسٹیج کی شکل دی گئی ہے جہاں پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قائدین موجود ہونگے جبکہ جلسہ گاہ میں کارکنوں کے بیٹھنے کے لئے 20ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی ہیں ۔

پارٹی رہنمائوں نے بتایا کہ جلسے میں بلوچستان بھر سے قافلوں کی آمد آج صبح سے شروع ہو جائیگی جبکہ موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے شام ہونے سے قبل جلسے کا اختتام کیا جائے گا۔ پارٹی رہنمائوں کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری چار روزہ قیام کے دوران کوئٹہ میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے بھی خطاب کریں گے جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پی پی پی بلوچستان کی مختلف تنظیموں کے عہدیداران کے وفود سے ملاقات کریں گے۔