Live Updates

نسیم شاہ پشاور زلمی میں شامل نہیں ہوں گے؟

پی ایس ایل کی نئی ٹیم کے انتخاب کیلئے فاسٹ باولر کے معاملات طے پا گئے

muhammad ali محمد علی بدھ 29 نومبر 2023 23:53

نسیم شاہ پشاور زلمی میں شامل نہیں ہوں گے؟
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 نومبر 2023ء ) نسیم شاہ پشاور زلمی میں شامل نہیں ہوں گے؟ پی ایس ایل کی نئی ٹیم کے انتخاب کیلئے فاسٹ باولر کے معاملات طے پا گئے۔ تفصیلات کے مطابق برسوں تک پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے وابستہ رہنے والے نسیم شاہ نے پاکستان سپر لیگ کے 9ویں سیزن سے قبل کوئٹہ کی ٹیم سے راہیں جدا کر لی ہیں۔ نسیم شاہ کے حوالے سے بتایا جا رہا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر پشاور زلمی کا حصہ بن سکتے ہیں۔

تاہم اب سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق نسیم شاہ کے پشاور زلمی کا حصہ بننے کے امکانات معدوم ہو چکے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملتان سلطانز کے علی خان ترین نے نسیم شاہ کو حاصل کرنے کے معاملات طے کر لیے ہیں۔ نسیم شاہ کی ملتان سلطانز میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب دیگر کئی کھلاڑی بھی اپنی ٹیمیں تبدیل کر رہے ہیں۔

عماد وسیم کے خیر باد کہنے کے بعد شان مسعود کو کراچی کنگز کا کپتان بنائے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے لیے ٹیموں میں اکھاڑ پچھاڑ جاری ہے اور کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے 8 سال بعد ٹیم کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عماد وسیم کراچی کنگز سے اسلام آباد یونائیٹڈ چلے گئے ہیں جب کہ حسن علی نے بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

حسن علی اب کراچی کنگز کی طرف سے کھیلیں گے جب کہ محمد عامر نے بھی کراچی کنگز کی ٹیم چھوڑ دی ہے اور اب وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے کھیلیں گے۔ ’بول نیوز‘ کے مطابق نسیم شاہ کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھوڑ کر ملتان جانے کا امکان ہے جب کہ عماد وسیم کے بعد شان مسعود کو کراچی کنگز کا کپتان بنائے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کا اگلا ایڈیشن 8 فروری سے 24 مارچ تک کھیلا جائے گا جس کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل پہلے ہی شروع ہوچکا ہے جب کہ دسمبر میں نیشنل ٹی ٹونٹی کے اختتام پر پی ایس ایل 9 کا ڈرافٹ شیڈول ہوگا۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات