Live Updates

’انٹرا پارٹی انتخاب کیخلاف ٹاؤٹوں اور ایجنٹوں کو چابی دے کر میدان میں اتار دیا گیا‘

پہلے کی طرح یہ سازشیں بھی ناکام ہوں گی اور تحریک انصاف آئین و قانون اور جمہوری اقدار کی حدود میں رہتے ہوئے اپنی منزل کی جانب بڑھے گی۔ ترجمان پی ٹی آئی کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 1 دسمبر 2023 16:50

’انٹرا پارٹی انتخاب کیخلاف ٹاؤٹوں اور ایجنٹوں کو چابی دے کر میدان ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 دسمبر 2023ء ) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخاب کیخلاف ٹاؤٹوں اور ایجنٹوں کو چابی دے کر میدان میں اتار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخاب کے انعقاد کے معاملے پر ترجمان تحریک انصاف کا بیان سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا انٹرا پارٹی انتخاب جمہوریت سے اس کی گہری وابستگی اور قانون کی حکمرانی پر غیر متزلزل یقین کی واضح علامت ہے، سیاسی جماعتوں میں جمہوریت کے سب سے بڑے علمبردار عمران خان ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ -پارٹی میں جمہوری اقدار کو متعارف اور مستحکم کرنے کے حوالے سے جتنی کوششیں بانی چئیرمین تحریک انصاف کے کریڈٹ پر ہیں دیگر جماعتوں میں ان کا عُشْرِ‌ عَشِیر بھی نظر نہیں آتا، تحریک انصاف ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے صحیح معنوں میں انٹرا پارٹی انتخابات کروانے کی متعدد کوششیں کیں، تحریک انصاف نے گزشتہ سال بھی قانون کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات منعقد کروائے، قانون کے احترام کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے غیر قانونی فیصلے کے باوجود انٹرا پارٹی الیکشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف نے موروثی سیاست کو دفن کرتے ہوئے پارٹی کے ایک محنتی، وفا شعار اور قابل کارکن کو بطور چئیرمین نامزد کر کے جمہوریت پسندی کی ایک انمول نظیر قائم کی ہے، تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخاب کے انعقاد کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر چکی ہے، تحریک انصاف کو سازش اور ظلم سے سیاست و انتخابی عمل سے باہر کرنے کے خواہاں عناصر نے ایک مرتبہ پھر انٹرا پارٹی انتخاب کے خلاف اپنے ٹاؤٹوں اور ایجنٹوں کو چابی دے کر میدان میں اتارا ہے۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پہلے کی طرح یہ سازشیں بھی ناکام ہوں گی اور تحریک انصاف آئین، قانون اور جمہوری اقدار کی حدود میں رہتے ہوئے اپنی منزل کی جانب بڑھے گی، دہائیوں سے ملکی سیاست پر قابض سیاسی جماعتوں کے برعکس قانون کے مطابق ایک بار پھر انٹرا پارٹی انتخابات کے ذریعے جمہوریت کی بقاوترقی اور قانون کی حکمرانی سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کو ثابت کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات