خطرناک اشتہاری مجرم سعودی عرب سے گرفتار، مجموعی تعداد 142 ہو گئی

اشتہاری محمد محبوب 2020 میں بہاولپور میں شہری کو گولیوں کا نشانہ بنا کر فرار ہو گیا تھا پنجاب پولیس کی ٹیم نے اشتہاری محمد محبوب کو سعودی عرب سے گرفتارکرکے وطن واپس پہنچ گئی

جمعہ 1 دسمبر 2023 23:30

خطرناک اشتہاری مجرم سعودی عرب سے گرفتار، مجموعی تعداد 142 ہو گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2023ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت اندرون ملک و بیرو ن ملک مفرور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈائون کا سلسلہ جاری ہے جس کے تسلسل میں اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب خطرناک اشتہاری مجرم کوسعودی عرب سے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اشتہاری محمد محبوب 2020 میں بہاولپور میں شہری کو گولیوں کا نشانہ بنا کر فرار ہو گیا تھا۔

پنجاب پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹس جاری کروایا، گرفتاری کیلئے مسلسل فالو اپ جاری رکھا۔پنجاب پولیس کی ٹیم نے اشتہاری محمد محبوب کو سعودی عرب سے گرفتار کرکے وطن واپس پہنچ گئی ہے ،رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 142 ہو گئی۔

(جاری ہے)

ان مجرمان کو امریکہ، برطانیہ، یورپ، افریقہ، سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے گرفتار کیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے کیٹیگری خطرناک اشتہاری کو بیرون ملک سے ٹریس کرکے گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ قانونی مراحل جلد از جلد مکمل کرکے مجرم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ قتل، ڈکیتی، اغواء جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے اور آ رپی اوز ، ڈی پی اوز خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈائون کی خود نگرانی کریں ۔