آصف زرداری، بلاول بھٹواور فریال تالپور کاٹریفک حادثے میں پی پی پی تعلقہ نوشہروفیروز کے صدر سمیت 5جیالوں کے جاں بحق ہونے پر رنج و غم کااظہار

جمعہ 1 دسمبر 2023 19:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے کوچیئرمین آصف علی زرداری،چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اور شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور نے کوئٹہ میں یوم تاسیس کے جلسے میں شرکت کے بعدواپسی پرحادثے میں پی پی پی تعلقہ نوشہروفیروز کے صدر سمیت 5جیالوں کے جاں بحق ہونے پر رنج و غم کااظہار کیاہے ۔بلاول ہائوس میڈیا سیل سے جاری تعزیتی بیان میں سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی نوشہروفیروز کے کارکنوں کو پیش آنے والے حادثے پر اظہار افسوس کیا۔

انہوں نے خلیفہ شکیل میمن،میر نادر چانڈیو،رضوان سومرو،گہنو ٹگڑاور مظفر بھٹو کے جاںبحق ہونے پر غم اور صدمے کا اظہار کیا۔انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیااورمغفرت اور بلند درجات کیلئے دعابھی کی۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے تعزیتی بیان میں کہاکہ تعلقہ صدر خلیفہ شکیل میمن، میر نادر چانڈیو، رضوان سومرو، گہنو ٹگڑ اور مظفر بھٹو جیسے جیالوں کے انتقال کی خبر باعثِ صدمہ ہے۔

خلیفہ شکیل میمن اور جاںبحق ہونے والے دیگر جیالے پارٹی کا سرمایہ تھے، پارٹی کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ مجھ سمیت پوری پارٹی سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، اللہ تعالی انہیں صبر جمیل عطا فرمائے۔بلاول بھٹو زرداری نے خلیفہ شکیل میمن اور میر نادر چانڈیو جاں بحق ہونے والے پانچوں جیالوں کے لیے جنت الفردوس کی دعاکی۔

دریں اثناء فریال تالپور نے بھی ٹریفک حادثے میں پی پی پی تعلقہ نوشہرو فیروز کے صدر خلیفہ شکیل میمن سمیت 5 جیالوں کے انتقال پر افسوس کااظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ المناک حادثے کی خبر سن کر دکھ ہوا، اللہ تعالی مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہوں، ان کے لیے صبر جمیل کی دعاگو ہوں۔واضح رہے کہ کوئٹہ میں جلسے میں شرکت کے بعد خلیفہ شکیل میمن اپنے ساتھیوں سمیت واپس نوشہرو فیروز آرہے تھے تو شکارپور کے قریب ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔