مرشد کے شوہر کی جگہ بیرسٹر گوہر کی تقرری پارٹی منشور کے برعکس ہے

جمہوریت کا درس دینے والوں نے آج خود ہی پارٹی کے اندر جمہوری تاثر کو ختم کر دیا، امید ہے الیکشن کمیشن فوری نوٹس لے کر ان انتخابات کو کالعدم قرار دےگا۔ سیکرٹری اطلاعات آئی پی پی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 2 دسمبر 2023 18:08

مرشد کے شوہر کی جگہ بیرسٹر گوہر کی تقرری پارٹی منشور کے برعکس ہے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 دسمبر 2023ء) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مرشد کے شوہر کی جگہ بیرسٹر گوہر کی تقرری پارٹی منشور کے برعکس ہے، جمہوریت کا درس دینے والوں نے آج خود ہی پارٹی کے اندر جمہوری تاثر کو ختم کر دیا، امید ہے الیکشن کمیشن فوری نوٹس لے کر ان انتخابات کو کالعدم قرار دے گا۔

انہوں نے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ مرشد کے شوہر کی جگہ بیرسٹر گوہر کی بطور چئیرمین پی ٹی آئی تقرری پارٹی کے منشور اور جمہوری روایات کے برعکس ہے۔ پی ٹی آئی کے برائے نام انٹرا پارٹی الیکشن ڈکٹیٹر شپ کی بد ترین مثال اور جمہوری پراسس کو یکسر نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے نا قابل تسلیم ہیں۔ ووٹرز اور متبادل امیدواروں کے بغیر یہ الیکشن جمہوریت کی نفی اور جمہوری اقدار سے انکار ہے۔

(جاری ہے)

جمہوریت کا درس دینے والوں نے آج خود ہی پارٹی کے اندر سے جمہوریت کے تاثر کو ختم کر دیا ہے۔ خواہشات کے تابع الیکشن کے نتائج کسی صورت بھی تسلیم نہیں کئے جا سکتے۔ امید ہے الیکشن کمیشن ان انتخابات پر فوری نوٹس لتے ہوئے انہیں کالعدم قرار دے گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ جو جماعت اپنے اندر جمہوری روایات قائم نہیں رکھ سکتی وہ ملک میں کیسے جمہوریت لا سکتی ہے جب کہ ایک جمہوریت پسند پارٹی کے طور پر استحکام پاکستان پارٹی ان نتائج کو مسترد کرتی ہے۔

یاد رہے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات میں بیرسٹر گوہر علی خان بلامقابلہ پارٹی چیئرمین منتخب ہوگئے۔الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف نے ہفتہ کو انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد کیا۔ انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ بیرسٹر گوہر علی خان پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عمرایوب بلامقابلہ پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری، یاسمین راشد پی ٹی آئی پنجاب کی صدر، منیر احمد بلوچ پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی صدر، علی امین گنڈا پور صوبائی صدرخیبرپختونخوا اور حلیم عادل شیخ صوبائی صدر پی ٹی آئی سندھ منتخب ہوگئے ہیں۔