ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا، ساون کے اندھے کو سب ہرا ہی ہرا نظر آتا ہے

سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے پورے انتخابی عمل پر اعتراض لگایا، لیکن پارٹی الیکشن کے نام پر آج ڈرامہ رچایا گیا،پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن سب کیلئے سوالیہ نشان ہے۔ مرکزی رہنماء ن لیگ کیپٹن ر محمد صفدر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 2 دسمبر 2023 21:26

ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا، ساون کے اندھے کو سب ہرا ہی ہرا نظر آتا ہے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 دسمبر 2023ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء کیپٹن ر محمدصفدرنے کہا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے پورے انتخابی عمل پر اعتراض لگایا، لیکن پارٹی الیکشن کے نام پر آج ڈرامہ رچایا گیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی اور ان کے سابق چیئرمین کو پورے انتخابی عمل پر اعتراض ہے، ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا، ساون کے اندھے کو سب ہرا ہی ہرا نظر آتا ہے،پارٹی الیکشن کے نام پر آج ڈرامہ رچایا گیا، تحریک انصاف دھاندلی کے راستے اقتدار میں آئی تھی، اسی طرح دھاندلی کرکے پارٹی الیکشن بھی کرائے گئے، جس پارٹی کی بنیاد ہی دھاندلی پر رکھی جائے، وہ آگے کیا کرے گی؟پی ٹی آئی کا آج کا انٹراپارٹی الیکشن سب کیلئے سوالیہ نشان ہے۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر پی ٹی آئی نیاز اللہ نیازی نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹراپارٹی الیکشن کرانے کیلئے تمام قانونی رولز کو فالو کیا گیاتھا،ہمیں انٹراپارٹی الیکشن کرانے کیلئے مجبور کیا گیا،ہم نے رولز کے مطابق الیکشن کرائے، انٹراپارٹی الیکشن قانون کے مطابق ہوئے ہمیں بلے کا نشان ضرور ملے گا، ایک پارٹی کو الیکشن سے مائنس کرنے کیلئے ہتھکنڈے استعمال ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دوسری جماعتوں کے لوگوں کو بلائیں کہ وہ سب پی ٹی آئی کی طرح الیکشن کراتی ہے، وہ جماعتیں ہمیشہ نامزدگی کرکے الیکشن کمیشن کو دے دیتی ہیں کیا ان پر اعتراض لگتا ہے؟ ہم نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے کہ ہمارے انٹراپارٹی الیکشن کو کیوں کا معمولی اعتراض پر فارغ کیا گیا۔ یاد رہے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات میں بیرسٹر گوہر علی خان بلامقابلہ پارٹی چیئرمین منتخب ہوگئے۔

الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف نے ہفتہ کو انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد کیا۔ انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ بیرسٹر گوہر علی خان پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عمرایوب بلامقابلہ پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری، یاسمین راشد پی ٹی آئی پنجاب کی صدر، منیر احمد بلوچ پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی صدر، علی امین گنڈا پور صوبائی صدر خیبرپختونخوا اور حلیم عادل شیخ صوبائی صدر پی ٹی آئی سندھ منتخب ہوگئے ہیں۔