Live Updates

پی ٹی آئی اور پاک فوج ایک پیج پر ہیں، زلفی بخاری

ہمیشہ تحریک انصاف پاک فوج کیساتھ کھڑی رہی ہے، ایسا کوئی بھی پاکستانی نہیں ہے جو اپنی فوج کیساتھ کھڑا نہ ہو، رہنما پی ٹی آئی کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 3 دسمبر 2023 00:05

پی ٹی آئی اور پاک فوج ایک پیج پر ہیں، زلفی بخاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 2 دسمبر2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پاک فوج ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ تحریک انصاف پاک فوج کیساتھ کھڑی رہی ہے، ایسا کوئی بھی پاکستانی نہیں ہے جو اپنی فوج کیساتھ کھڑا نہ ہو۔ الیکشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم سب انتظار کر رہے تھے کہ الیکشن کی تاریخ سامنے آئے اور نامزدگی جمع کرانے کا عمل شروع ہو تو ہماری پوری لیڈر شپ الیکشن میں حصہ لے گی، میں انشااللہ اٹک سے الیکشن لڑوں گا ۔

انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں پاک فوج کی ہر جگہ سپورٹ کی ہے، نو مئی کے واقعہ کی ہم سب نے بھرپور مذمت کی ہے اور تحریک انصاف میں سب سے پہلے سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اپنے ایک بیان میں زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ن لیگ سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات چاہتی ہے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بیرسٹر گوہر کی کوئی حیثیت نہیں اصل چیئرمین پارٹی قائد ہی ہیں۔

جلد پاکستان جا کر کیسز کا سامنا کروں گا۔زلفی بخاری نے کہا ہم نے تمام حلقوں سے امیدوار کھڑا کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ مخصوص حالات میں انتخابات ہوئے تو نتائج تسلیم نہیں کریں گے۔صوبائی اور وفاقی نگران حکومت غیر آئینی ہیں لگتا ہے جب تک پی ٹی آئی ختم ہونے کا یقین نہیں ہو جاتا الیکشن نہیں ہونے دیا جائے گا۔زلفی بخاری نے مزید کہا کہ فوج اور پی ٹی آئی آج بھی ایک ہی صفحے پر ہیں پی ٹی آئی کو انتخابات سے باہر رکھ کر سیاسی اور معاشی استحکام نہیں آئے گا ۔

ذلفی بخاری کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے چند قریبی لوگ میرے خلاف مقدمات بنانے والوں میں شامل تھے، مجھ پر مقدمات بنانے والا ایک وعدہ معاف گواہ بن گیا اور دوسرا ملک چھوڑ کر بھاگ گیا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی پوری پی ٹی آئی نے مذمت کی تھی، جناح ہاؤس پر حملے کی سخت مذمت کی، تاریخ میں پہلی مرتبہ میڈیا سخت ترین دور سے گزر رہا ہے، پاکستان میں زبردستی سیاست چھوڑنے والوں کا ووٹ بینک بھی ختم ہو گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ میرے جیل میں جانے سے فائدہ نہیں ہو گا، وقت آنے پر ہم میدان میں ہوں گے، نگراں وزیرِ اعظم کی حیثیت کٹھ پتلی سے زیادہ نہیں، 50 فیصد بھی پلیئنگ فیلڈ ملی تو الیکشن جیت جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات