Live Updates

عمران خان نے اپنی کرسی زرداری کے تراشے ہوئے ہیرے کے حوالے کردی، خواجہ آصف

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے اپنے پرانے ساتھیوں کو کوڑا کرکٹ کردیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنماء کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 دسمبر 2023 16:40

عمران خان نے اپنی کرسی زرداری کے تراشے ہوئے ہیرے کے حوالے کردی، خواجہ ..
سیالکوٹ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 دسمبر 2023ء ) مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی کرسی زرداری کے تراشے ہوئے ہیرے کے حوالے کردی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نئے پی ٹی آئی چیئرمین گوہر علی خان کے 2008ء سے 2022ء تک آصف علی زرداری قائد رہے، پھر وہ 2022ء میں پی ٹی آئی میں آئے، عمران خان کو صرف ایک سال میں آصف علی زرداری کا تراشہ ہوا ہیرا اتنا پسند آیا کہ انہوں نے اپنی کرسی ان کے حوالے کردی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے اپنے پرانے ساتھیوں کو کوڑا کرکٹ کردیا، وہ اپنی غیرحاضری میں اپنے پرانے ساتھیوں پر اعتبارکرنے کو تیار نہیں کیوں کہ جس نے ساری عمر دھوکے دیئے ہوں اس کے لیے دوسروں پر اعتبار کرنا مشکل ہوتا ہے، بہرحال پی ٹی آئی والوں کیلئے شرم حیا کا مقام ہے یا ڈوب مرنے کا۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کو میں نے پی ٹی آئی میں ڈیڑھ سال پہلے شامل کروایا تھا، ان کی عزت کرتا ہوں وہ میرا وکیل بھی رہا ہے لیکن چیئرمین کیلئے کوئی سینئر رہنما لاتے تو اچھا ہوتا، بیرسٹر گوہر سے سوال کرتا ہوں کہ ان کے پاس پارٹی کارڈ بھی ہے یا نہیں؟ میرے خیال میں ان کے پاس پارٹی کارڈ بھی نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سربراہ پی ٹی آئی کا نعرہ تھا پارٹی آئین کے مطابق پارٹی چلائیں گے، 2012 انٹرا پارٹی الیکشن نے ایک سال لیا تھا، اس بار تو سب نے تماشہ دیکھا یہ سب جعلی الیکشن ہے، پہلے پارٹی میں شفاف الیکشن کروائے تو جنرل الیکشن کی شفافیت کا سوال کریں، یہ کیسا الیکشن ہے جہاں ووٹر ہے اور نہ کسی کو موقع دیا گیا، لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی، اس طرح ڈکٹیشن ہو تو پھر کہاں جمہوریت ہو گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات