غزہ میں خون ریزی انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے ‘متحدہ علما کونسل

پیر 4 دسمبر 2023 14:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2023ء) متحدہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی صدر مولانا زاہد الراشدی،سیکرٹری جنرل سردار محمد خان لغاری ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر ملک محمد سلیم،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،مولانا محمد راغب حسین نعیمی ،مولاناعبدالغفار روپڑی و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں خون ریزی انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے، اسرائیلی جارحیت صہیونی توسیع پسندانہ عزائم پوری دنیا کو جنگ کی لپیٹ میں لے سکتے ہیں، اسر ائیل کافلسطین میں نہتے بچوں کو شہید کرناسفاکیت کی حد اور کربلا کی یاد تازہ کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسلامی ممالک کی حکومتیں غزہ میں سفاکیت روکنے کے لیے اسرائیل کے خلاف اجتماعی جہاد کا اعلان کریں۔

(جاری ہے)

مسلمان حکمران اگر اب بھی بیدار نہ ہوئے تو اسرائیل فلسطین پر قبضہ کر کے دیگر پڑوسی ممالک پر بھی جارحیت کا آغاز کر دے گا۔انہو ں نے کہاکہ اسرائیل کے ان بدترین جنگی جرائم میں امریکہ، برطانیہ،فرانس جرمنی براہ راست شامل ہیں،مسلمان حکمران اب خواب غفلت سے جا گیں ۔ انہوں نے کہا کہ ،انسانیت کے دشمنوں نے غزہ کے ہسپتالوں کو بھی نہیں چھوڑا،اقوام متحدہ سمیت دیگر تمام عالمی ادارے جنگ بندی میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں،مسلمان حکمران خواب غفلت سے نہ جاگے تو فلسطین کے بعد دیگر مسلمان ممالک کا نمبر بھی آسکتا ہے، عالمی برادری اسرائیل کی دہشت گردی کا نوٹس لے۔