"پاکستان کے لیے نیا سال بہت روشن ہوگا"

متحدہ عرب امارات کا آئندہ 10 روز میں پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان

muhammad ali محمد علی پیر 4 دسمبر 2023 20:04

"پاکستان کے لیے نیا سال بہت روشن ہوگا"
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 دسمبر 2023ء) "پاکستان کے لیے نیا سال بہت روشن ہوگا"، متحدہ عرب امارات کا آئندہ 10 روز میں پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق متحدی عر ؤب امارات کے قونصل خانے میں متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے اگلے 10روز میں پاکستان کو بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا عمل شروع ہو جائے گا، سی پیک میں اشتراک کیلیے بھی تیار ہیں۔

قونصل جنرل نے کہا کہ یو اے ای پاکستان میں 20 سے 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا، پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں پاکستان کے لیے نیا سال بہت روشن ہوگا، پاکستان میں سرمایہ کا اہم مقصد برآمدات کو بڑھانا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیتی نے مزید کہا کہ کراچی سے سینٹرل ایشیا کے ممالک کو برآمدات کی جائے گی، کراچی کو برآمدات کا حب اور فری ٹریڈ زون بنایا جائے گا ۔

اس کے علاوہ پاکستان میں زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہے اور یو اے ای حکومت پاکستان کے تاجروں کو سپورٹ کرنے کا مصمم ارادہ رکھتی ہے۔ دوسری جانب نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کوپ 28 میں 30 ارب ڈالر کے فنڈز کے قیام کا خیر مقدم کرتا ہے،یو اے ای کی جانب سے اربوں ڈالر کے اعلان سے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں مدد ملے گی متحدہ عرب امارات کی طرف سے 30 بلین امریکی ڈالر کے اعلان کے ذریعے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو فعال کرنا درست سمت میں ایک اچھا آغاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر فنڈنگ کو عالمی بینک جیسی کثیر جہتی تنظیم کے ذریعے استعمال کیا جانا چاہیے تاکہ عملدرآمد کے عمل کا تیزی سے آغازکیا جا سکے۔