کیا زیادہ بچے پیدا ہونے کی ذمہ داری چیئرمین مردم شماری مانیٹرنگ پہ آئے گی؟

میں ساتویں مردم شماری کی مانیٹرنگ کمیٹی کا چیئرمین تھا، آبادی میں اضافہ کی شرح 2.4 فیصد سے بڑھ کر 2.5 فیصد ہوگئی ہے، سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا دانیال عزیز کے بیان پر ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 4 دسمبر 2023 21:17

کیا زیادہ بچے پیدا ہونے کی ذمہ داری چیئرمین مردم شماری مانیٹرنگ پہ ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 دسمبر 2023ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ کیا زیادہ بچے پیدا ہونے کی ذمہ داری چیئرمین مردم شماری مانیٹرنگ پہ آئے گی؟ کیونکہ میں ساتویں مردم شماری کی مانیٹرنگ کمیٹی کا چیئرمین تھا۔ انہوں نے دانیال عزیز کے ردعمل میں کہا کہ میں ساتویں مردم شماری کی مانیٹرنگ کمیٹی کا چئرمین تھا جس کا کام ملک میں آبادی کی گنتی کے عمل کی نگرانی کرنا تھا۔

ساتویں مردم شماری میں پاکستان کی آبادی میں اضافہ کی شرح 2.4 فیصد سے بڑھ کر 2.5 فیصد ہوگئی۔ کیا زیادہ بچے پیدا ہونے کی ذمہ داری چئرمین مردم شماری مانیٹرنگ پہ آئے گی؟اسی طرح احسن اقبال نے ایک اور بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ میں کئی بار اس جھوٹ کی حقیقت بیان کر چکا ہوں۔

(جاری ہے)

سب سے پہلے جب یہ فرضی کہانی پی ٹی آئی کے میڈیا سیل نے چلائی تو اسے دسمبر 96 کا واقعہ قرار دیا۔

جب اس جھوٹ کو پکڑا کہ دسمبر 96 میں تو نگران وزیراعظم معراج خالد کی حکومت تھی تو پھر تاریخ نکال کر چلانی شروع کر دی۔ الحمدللہ میں نے پاکستان میں وژن 2025 کے تحت آرٹیفیشل اینٹیلیجنس، سائیبر سیکیورٹی، آٹومیشن اینڈ روبوٹیکس، بگ ڈیٹا اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے نیشنل سنٹرز بنائے تو کیا مجھے بل گیٹس کا پتہ نہیں ہوگا؟ جھوٹ کے لئے بھی کچھ عقل چاہیے ہوتی ہے۔

یاد رہے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء دانیال عزیز نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں سابق وفاقی وزیر احسن اقبال پر الزامات عائد کئے اور کہا کہ واضح رہے میں نے کسی کیلئے پارٹی ٹکٹ کی سفارش نہیں کی، اویس قاسم تو دور کسی سطح پر بھی پارٹی ٹکٹ کی سفارش نہیں کی، ٹکٹوں کا فیصلہ 13تاریخ کو ہوگا، تو پھر کیا مہنگائی کم ہوجائے گی، نیشنل پرائس کنٹرول کمیٹی کے چیئرمین احسن اقبال تھے، احسن اقبال کے اقدامات کی وجہ سے ہی مہنگائی ہوئی، مجھے پتا ہے مہنگائی کیوں ہوئی، ان کو اگر معیشت کا نہیں پتا تو ان کوان چیزوں کے نزدیک بھی نہیں جانا چاہیے۔

آئندہ بتاؤں گا کہ مہنگائی کیوں ہوئی اور کون ذمہ دار ہے ، مہنگائی ہوتی نہیں کی جاتی ہے، بتاؤں گا اس کا بینیفشری کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا کسی دوسری جماعت کے ساتھ موازنہ نہیں، لیکن یہاں آکر دیکھ لیں، میٹنگز لے رہے تھے کیا کچھ نہیں۔ احسن اقبال کہتے میرا مہنگائی کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔ اگر احسن اقبال کے پاس مہنگائی کو کم کرنے کا کوئی اختیار نہیں تھا تو پھر میٹنگز کیوں کرتے رہے؟ دانیال عزیز نے کہا کہ مجھے ابھی تک شوکاز نوٹس نہیں ملا، میں ابھی لاہور میں ہوں، مجھے نہیں پتا کیسے بھیجا گیا ہے، جب ملے گا تو بتا دوں گا۔

نوازشریف کا جو بھی وفادار ہے اس کو شوکاز ملا ہے، چوہدری تنویر، جاوید لطیف کو شوکاز ملا، مجھے شوکاز ملا، ن لیگ میں ایک خاص گروپ ہے جومصروف دکھائی دیتا کرتا کچھ نہیں، کہا تھا مہنگائی ایشو کو حل نہ کیا تو بہت نقصان ہوگا، مہنگائی کے ذمہ دار لوگوں سے جوابدہی نہ ہوئی تو پارٹی پھنس جائے گی۔