پاکستانی چاول دنیا بھر میں پسندیدگی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے، چاول کی برآمد پاکستان کی تیسری بڑی اکانومی ہے، رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کا تقریب سے خطاب

منگل 5 دسمبر 2023 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2023ء) رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین چیلا رام کیلوانی نے کہا ہے کہ پاکستانی چاول دنیا بھر میں پسندیدگی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے، رائس ایکسپورٹ پاکستان کی تیسری بڑی اکانومی ہے جسے انڈسٹری کا درجہ دینا چاہیئے، پاکستان میں چاول کی 4.5 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ صلاحیت ہے جسےٹیکنالوجی کے استعمال اورجدید طریقہ اپنا کرمزید بہتر بنایا جاسکتاہے۔

وہ منگل کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے عہدیداروں اور ممبران کے اعزاز منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں گروپ چیئرمین سندھ عبدالرحیم جانو، گروپ چیئرمین پنجاب ، سینئروائس چیئرمین حسیب علی خان ، چوہدری سمیع اللہ نعیم، رفیق سلیمان ،میاں صبیح الرحمن،میاں احمد اکبر، جتن کیلوانی،رضا امجد ،صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد انوررضا اور سیکرٹری فنانس این پی سی نیئرعلی سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیلا رام کیلوانی نے کہا کہ ماضی قریب میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باوجودہم 2.5 بلین ڈالرکاسالانہ ٹارگٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جوکہ کی بڑی کامیابی ہے،چاول ایکسپورٹ اس وقت ملکی معیشت میں تیسرا بڑا سیکٹر ہے، حکومت کو چاہیئے کہ وہ اسے انڈسٹری کا درجہ دے ۔ انھوں نے کہا کہ 15 سال پہلے چاول کی ایکپورٹ 300 ملین ڈالرتھی جوکے آج 2.5 بلین ڈالر پہ کھڑی ہے جسے حکومت کی سرپرستی میں 5 ارب ڈالر تک لے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا پاکستان کا باسمتی چاول اپنی منفرد خوشبو اور ذائقے کی بنا پر دنیا بھر میں بےحدمقبول ہے اورجنوب مشرقی ایشیا ، یورپ و وسطی ایشیا کی مارکیٹس میں پاکستانی باسمتی کی کھپت ہے ۔ پنجاب باسمتی کا مرکز ہے اور جی ٹی روڈ کے ساتھ کے علاقے باسمتی کی کاشت میں دنیا میں جانے پہچانے ہیں تاہم بدقسمتی سے اس وقت چاول کے کاشت کے علاقوں میں ہائؤسنگ سوسائٹیاں بن رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چاول کی ایکسپورٹ کو ٹیرف ، بندرگاہ پہ تاخیر اور بجلی اور بینک میں شرح سود جیسے چیلنجز کا سامنے ہے جنہیں حل کرنے کے لئے ہمیں حکومتی حمایت درکار ہے۔ ہم نے بھارت کو یورپ کی مارکیٹ میں مات دی ہے اب وہ ہمارا چاول اپنی برینڈنگ کے ساتھ دنیا کو نہیں بیچ سکتے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےگروپ چیئرمین سندھ عبدالرحیم جانونے کہا کہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی بنیاد 1989 ءمیں رکھی گئی اور آج یہ ملک کے ایکسپورٹرز کی ایک بڑی نمائندہ تنظیم ہے۔

انھوں نے کہا کہ وہ آئی ٹرسٹ کے نام سےچیریٹی کاکام کررہے ہیں جس میں غریب مریضوں کے لئے آنکھوں کا علاج ودیگر دوائیں شامل ہیں ،ٹرسٹ کے پاس جدید ترین مشینیں موجود ہیں، جہاں 1 لاکھ سالانہ آپریشن کئے جاتے ہیں،وہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد ، منفرد سب سے بڑا فری آئی ٹرسٹ ہسپتال چلا رہے ہیں۔ انہوں نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفود کے بیرون ممالک دوروں میں نیشنل پریس کلب کے نمائندہ صحافیوں کو بھی شامل کرنے کا اعلان کیا۔

رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے عہدیدار حسیب علی خان نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب رائس ایکسپورٹ سیکٹر ملکی معیشت کا سب سے بڑا سیکٹر ہوگا، ایک اور عہدیدارسمیع اللہ نعیم نے کہا کہ چاول کی ایکسپورٹ ملک میں زرمبادلہ اور ملکی معیشیت میں اہم کردارادا کررہی ہے۔ صدر نیشنل پریس کلب انور رضانے کہا کہ چاول کی ایکسپورٹ کا اس سال کا ہدف پورا ہوناخوش آئند ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ہم چاول کی ایکسپورٹ میں 4 ارب ڈالرسے زیادہ ٹارگٹ حاصل کریں گے۔

انہوں نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کواسلام آباد پریس کلب اور صحافیوں کے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ فنانس سیکرٹری نیشنل پریس کلب نیئرعلی نے کہا کہ چاول کی ایکسپورٹ سے ملک کوزرمبادلہ حاصل ہوتا ہے اوراس سیکٹر کا ملکی معیشت میں بہت اہم کردار ہے ۔ تقریب میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن میاں صبیح الرحمن کی کتاب" دی رائس سٹوری" کی رونمائی بھی کی گئی، کتاب کے مصنف میاں صبیح الرحمان نے کتاب کے حوالے سے بتایا کہ یہ کتاب رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی کارکردگی پر لکھی گئی ہے جو اس کی آواز ہے، قاری جب اس کتاب کو پڑھے گا تو اسے چاول کی خوشبو آئے گی۔

انھوں نے این پی سی انور رضا، سیکرٹری فنانس نیئر علی سمیت دیگر شرکاء کو اپنی کتاب کا تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر نیشنل پریس کلب کی طرف سے صدر انور رضا نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے عہدیداران اور ممبران کو اعزازی شیلڈز دیں جبکہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی طرف سے صدر این پی سی انور رضا، سیکرٹری خلیل احمد راجہ ، سیکرٹری فنانس نیئر علی و دیگر کو شیلڈز دی گئیں۔ تقریب میں صدر نیشنل پریس کلب کی جانب سےمسٹر اینڈ مسز عبدالرحیم جانو کو انکی سماجی و فلاحی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سیکرٹری فنانس این پی سی میڈم نیئر علی نے سر انجام دیئے۔