یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز

جمعرات 7 دسمبر 2023 14:11

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2023ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں شعبہ ریاضی کے زیر اہتمام ”پیور اینڈ اپلائیڈ میتھمیٹکس“ پر چھٹی بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہو گیا جس میں لبنان، ترکی، عراق، ایران، انڈیا،مصر،ماسکو،نائیجیریا،قطر، امریکہ،رومانیہ،جنوبی افریقہ،بنگلہ دیش، چین اور پاکستان بھرسے 350 سے زائد ماہر ین ِریاضی، سکالرز، محققین اور طلبہ شرکت کر رہے ہیں۔

یہ بین الاقوامی کانفرنس ہائرایجوکیشن کمیشن اور پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقد کی جا رہی ہے جبکہ ڈاکٹر عمران صدیق کانفرنس کے فوکل پرسن کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب ملک فیروز خان نون بزنس سکول میں منعقد کی گئی جس مین پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے کہا کہ بین الاقوامی کانفرنسز کے انعقاد سے باہمی تعاون کو فروغ دینے اور محققین کو تحقیق کے تبادلے کے لیے ایک مثالی ماحول میسر آتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انسان ریاضی کے علم سے ہر دور میں مستفید ہوتا رہا ہے اور برق رفتار ترقی کے اس جدید دور میں علمِ ریاضی کی قدر و منزلت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

چیئرپرسن شعبہ ریاضی پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد عصر حاضر کے محققین کو اپنے تحقیقی کام کو متنوع قومی اور بین الاقوامی سکالرز کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔یہ کانفرنس محققین کو ریاضی کے میدان میں ہونے والی جدید پیش رفت اور تحقیقی نقطہ نظر پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔

وائس چانسلر اوساک یونیورسٹی،ترکی پروفیسر ڈاکٹر اکرام ساواس نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاضی تمام علوم کی ماں ہے جس کا اطلاق دیگر تمام شعبوں میں ہوتاہے، علمِ ریاضی میں تحقیق کے نئے رجحانات جنم لے رہے ہیں جس سے باخبر ہونا سکالرز کیلئے نہایت ضروری ہے۔ تکریت یونیورسٹی،عراق سے آئے پروفیسر ڈاکٹر نبیل عزالدین عارف نے کہا کہ ریاضی ہماری روزمرہ کی زندگی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ریاضیاتی ماڈلنگ قدرتی طور پر بڑے پیمانے پر استعمال ہوتی ہے۔ انجینئرنگ اور سوشل سائنس میں بھی ریاضی کا اطلاق ہوتا ہے۔ ریاضیاتی ماڈلنگ نیا علم تشکیل دینے کا عمل ہے۔مارا یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، ملائشیاسے آئے پروفیسر ڈاکٹر اظہر احمد اور چین سے آئے ڈاکٹر محمد ندیم قاجنگ نے بھی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔کانفرنس میں قومی و بین الاقوامی ریاضی دانوں اورمحققین نے اپنے مقالہ جات پیش کئے۔