کراچی میں سول اسپتال کے سرجیکل آئی سی یو میں آگ لگ گئی

آگ کی اطلاع کے بعد فائربریگیڈ کی گاڑیاں سول اسپتال روانہ کردی گئی ہیں، ریسکیو حکام

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 7 دسمبر 2023 22:03

کراچی میں سول اسپتال کے سرجیکل آئی سی یو میں آگ لگ گئی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 دسمبر 2023ء ) کراچی میں سول اسپتال کے سرجیکل آئی سی یو میں آگ لگ گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ کی اطلاع کے بعد فائربریگیڈ کی گاڑیاں سول اسپتال روانہ کردی گئی ہیں۔ ریسکیو حکام کا مزید کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر اسپتال میں لگی آگ سے متعلق یہ نہیں بتایا جا سکتا کہ وہ کس لیول کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں عائشہ منزل کے قریب شاپنگ میں آگ لگ گئی تھی، جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایس ایس پی فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کیا گیا، تفتیشی ٹیم آتشزدگی کے وجہ کا تعین کرے گی، آتشزدگی کے ذمہ داروں کا تعین بھی کیا جائےگا۔واضح رہے کہ متاثرہ عمارت کو رہائش کے قابل قرار دے دیا گیا ہے ۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سینٹرل فیصل عبداللہ چاچڑ نے کہا ہے کہ ٹیکنیکل کمیٹی نے متاثرہ عمارت میں رہائش کی اجازت دے دی ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق متاثرہ عمارت کی چاروں منزلیں رہائش کے قابل ہیں، پولیس اور ریسکیو اہلکار رہائشیوں کو ان کے گھر پہنچانے میں مدد کر رہے ہیں۔ عمارت کے رہائشیوں کو ضروری سامان لانے کی اجازت دے دی گئی، فلیٹوں کے مکینوں کو باری باری اندر بھیجا جا رہا ہے، لیڈی پولیس اہلکار اور دیگر حکام بھی ساتھ جا رہے ہیں۔دوسری جانب آتشزدگی واقعہ کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام نے متاثرہ عمارت کا دورہ کیا۔

عمارت کے دورے کے بعد ایڈیشنل ڈی جی ایس بی سی اے نے کہا کہ عمارت کے گرائونڈ فلور کو نقصان ہوا ہے، لیکن عمارت کے انفرااسٹرکچر کو نقصان نہیں پہنچا ہے، فلیٹس محفوظ ہیں۔ دوسری جانب آتشزدگی کے متاثرین کے لیے ٹی ایم سی گلبرک نے 2 اسکولوں میں ریلیف کیمپ قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق مولانا الطاف حسین حالی اسکول عزیز آباد نمبر 8 اور علامہ شبیر عثمانی اسکول ایف بی ایریا بلاک 14 میں ریلیف کیمپ ہوگا۔